ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ کے کئی علاقوں میں آئندہ چند روز شدید بارش کی پیش قیاسی
سرینگر ۔19؍جولائی ( ایجنسیز )جموں و کشمیر میں مسلسل اور شدید بارش کے باعث بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ ضلع پونچھ میں اچانک آنے والے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے مختلف واقعات میں اب تک 10 افراد کے جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ متعدد افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات بھی ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ برقرار ہے اور امدادی و بچاؤ کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔سب سے زیادہ نقصان پونچھ کے سرنکوٹ علاقے میں ہوا جہاں ایک ہی خاندان کے 6 افراد سمیت مجموعی طور پر 9 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ ریاستی ڈیزاسٹر رسپانس فورس، نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس اور مقامی انتظامیہ مشترکہ طور پر ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کیلئے کشتیوں اور ہیلی کاپٹروں کی مدد بھی لی جا رہی ہے۔دوسری جانب ہماچل پردیش کے ضلع چمبہ میں بھی شدید بارش کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔ بھٹیات علاقے میں لاہڑو۔سِنہوتا سڑک پر پہاڑ کا ایک بڑا حصہ گرنے سے آمد و رفت مکمل طور پر بند ہو گئی ہے۔ خوش قسمتی سے واقعے کے وقت سڑک پر کوئی گاڑی یا راہگیر موجود نہیں تھا جس کے باعث کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ یہ سڑک دھرم شالہ، چمبہ اور ڈلہوزی کے درمیان رابطہ کا ایک اہم ذریعہ سمجھی جاتی ہے۔مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے صورتحال کا جائزہ لیا اور ہر ممکن مرکزی امداد فراہم کرنے کا یقین دلایا ہے۔ محکمہ موسمیات نے جموں و کشمیر، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ کے کئی علاقوں میں آئندہ چند روز تک شدید بارش، فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات سے خبردار کیا ہے۔ عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور دریاؤں، ندی نالوں اور پہاڑی ڈھلوانوں سے دور رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔