کشمیر میں کئی روز بعد موسم خشک، درجہ حرارت میں مزید بہتری

   

سری نگر، 8 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وادی کشمیر میں محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق منگل اور چہارشنبہ کی درمیانی رات سے ہی موسم میں بہتری واقع ہوئی جس کے باعث بدھ کے روز موسم دن بھر خشک رہا بلکہ آفتاب نے بھی صبح سے ہی بار ہا بادلوں کی اوٹ سے باہر آکر لوگوں کو کئی روز بعد اپنے دیدار سے فیضیاب کیا۔ محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق وادی میں موسم 11 جنوری تک خشک رہنے کی توقع ہے تاہم 12 اور 13 جنوری کو موسم ایک پھر کروٹ بدل سکتا ہے ۔ وادی میں شبانہ درجہ حرارت میں بتدریج بہتری ہورہی ہے۔
سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ شب کے درجہ حرارت سے منفی 0.1 ڈگری سینٹی گریڈ کم ہے ۔