سرینگر: جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع کے چن دیوسر علاقے میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں دو عسکریت پسند ہلاک ہو گئے ہیں۔ حکام نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔ پولیس نے کہا، ’’دونوں پھنسے ہوئے عسکریت پسند مارے گئے۔ اسلحہ اور گولہ بارود سمیت مجرمانہ مواد برآمد کیا گیا۔ان میں سے ایک عسکریت پسند جس کا نام حیدر ہے وہ لشکر طیبہ (ایل ای ٹی) سے وابستہ تھا۔ پولیس نے کہا کہ حیدر شمالی کشمیر میں دو سال سے زیادہ عرصے سے سرگرم تھا اور کئی جرائم میں ملوث تھا۔یہ تصادم اس وقت ہوا جب پولیس اور سیکورٹی فورسز کی مشترکہ ٹیم نے علاقے کو اپنے حصار میں لے لیا اور عسکریت پسندوں کی موجودگی کے بارے میں مخصوص اطلاع کی بنیاد پر سرچ آپریشن شروع کیا۔ جیسے ہی سیکورٹی فورسز اس مقام پر پہنچی جہاں عسکریت پسند چھپے ہوئے تھے، وہ فائرنگ کی زد میں آگئے، جس سے انکاؤنٹر شروع ہو گیا۔قبل ازیں، پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جنوبی ضلع کولگام کے چیان دیوسر کولگام علاقے میں عسکریت پسندوں کے چھپنے ہونے کی ایک خاص اطلاع موصول ہونے کے بعد پولیس اور سیکورٹی فورسز نے درمیانی رات اس علاقے کو اپنے محاصرے میں لے لیا اور اْنہیں ڈھونڈ نکالنے کے لئے گھر گھر تلاشی کارروائی کا آغاز کیا۔انہوں نے بتایا کہ خود کو سلامتی عملے کے گھیرے میں پا کر عسکریت پسندوں نے سیکورٹی فورسز پر اندھا دھند گولیاں برسا کر فرار ہونے کی بھر پور کوشش کی تاہم حفاظتی عملے کی کارگر حکمت عملی نے اْنہیں فرار ہونے کا کوئی موقع فراہم نہیں کیا اور اس طرح سے دونوں طرف سے جھڑپ شروع ہوئی۔