کلکٹرس چوکس رہیں، عہدیداروں کو رخصت نہیں

   

چیف سکریٹری کی ٹیلی کانفرنس، بھاری بارش نمٹنے کی تیاریاں
حیدرآباد۔/24جولائی، ( سیاست نیوز) چیف سکریٹری سومیش کمار نے ریاست میں آئندہ چند دنوں تک بارش کے امکانات کے پیش نظر ضلع کلکٹرس کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کا اہتمام کرتے ہوئے چوکسی کی ہدایت دی ہے۔ چیف سکریٹری نے محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کی بنیاد پر ضلع کلکٹرس کو بتایا کہ ریاست کے بیشتر علاقوں میں موسلا دھار بارش کا خطرہ ہے جس کے نتیجہ میں نشیبی علاقے زیر آب آسکتے ہیں۔ ضلع کلکٹرس سے کہا گیا ہے کہ وہ چوکسی برقرار رکھیں اور انسانی جانوں کے اتلاف کو روکنے کی کوشش کریں۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ ضلع کلکٹرس اور دیگر عہدیداروں کو ضلع ہیڈکوارٹرس پر موجود رہنا چاہیئے اور کسی بھی عہدیدار کی رخصت منظور نہ کی جائے۔ نشیبی علاقوں کی نشاندہی کرتے ہوئے متاثرین کیلئے ریلیف کیمپس تیار رکھے جائیں۔ ضلع کلکٹرس سے کہا گیا کہ دیگر محکمہ جات کے ساتھ تال میل کے ذریعہ کام کرتے ہوئے مالی نقصانات کو روکنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے ہر کلکٹریٹ میں کنٹرول روم کے قیام کی ہدایت دی۔ بھاری بارش کے نتیجہ میں آبپاشی تالابوں میں شگاف کا اندیشہ ہے۔ سڑکوں اور عارضی بریجس کو نقصان ہوسکتا ہے۔ عہدیداروں کو احتیاطی طور پر شگاف کو روکنے کیلئے ریت کے تھیلے تیار رکھنے چاہیئے۔ ضلع کلکٹرس نے چیف سکریٹری کو اپنے اضلاع کی صورتحال سے واقف کرایا۔ر