رکن وقف بورڈ ڈاکٹر نثار حسین حیدر آقا کی کمشنر حیڈرا سے نمائندگی
حیدرآباد 5 نومبر ( سیاست نیوز ) تلنگانہ اسٹیٹ وقف بورڈ کے رکن ڈاکٹر سید نثار حسین حیدر آقا نے آج کمشنر حیڈرا مسٹر اے وی رنگناتھن سے ملاقات کرتے ہوئے کوہ امام ضامن پر ناجائز قبضہ جات کے خلاف نمائندگی حوالے کی ۔ اس موقع پر ڈاکٹر نثار حسین حیدر آقا کے ساتھ ایڈوکیٹ سید علی جعفری اورا یڈوکیٹ سید نجم الحسن باقری بھی موجود تھے ۔ حیدر آقا نے کمشنر حیڈرا کو کوہ امام ضامن پر ہونے والے قبضہ جات کی تفصیلات سے واقف کروایا ۔ یادداشت کے ذریعہ اس اہم شیعہ مذہبی وقف جائیداد واقع ترملگیری میں جاری غیر مجاز قبضہ جات کی کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا ۔ وفد نے کمشنر حیڈرا سے اپیل کی گئی کہ وہ فوری اور موثر اقدامات کرتے ہوئے مزید قبضہ جات ہونے سے بچائیں اور علاقہ میں وقف جائیداد کا تحفظ کریں۔ کمشنر حیڈرا مسٹر رنگناتھن نے ڈاکٹر نثار حسین حیدر آقا کو تیقن دیا کہ اس مسئلہ کا فوری جائزہ لیا جائیگا اور صورتحال کو سدھارنے اقدامات کئے جائیں گے ۔ تلنگانہ اسٹیٹ وقف بورڈ رکن نے اس فوری یقین دہانی پر کمشنر حیڈرا سے اظہار تشکر کیا ۔