نئی دہلی: ہندوستان سے فرار ایک اور گینگسٹر کو کینیڈا کے شہر پنی پیگ میں اندھا دھند فائرنگ میں ہلاک کر دیا گیا ہے۔ پنجاب سے فرار ہو کر کینیڈا میں چھپے اے زمرہ کے گینگسٹر سکھدل سنگھ عرف سکھا دونیکے کو کینیڈا میں گولی مار کر قتل کر دیا گیا ہے۔ سکھا خالصتانی دہشت گرد ارشدیپ سنگھ عرف عرش ڈالا کا دایاں ہاتھ تھا اور این آئی اے کی مطلوبہ فہرست میں شامل تھا۔ سکھا کینیڈا میں بیٹھ کر ہندوستان میں اپنے حواریوں کے ذریعے بھتہ خوری کا کام بھی کرتا تھا۔سکھدل سنگھ عرف سکھا دونیکے نے 2017 میں جعلی دستاویزات کی بنیاد پر کینیڈا فرار ہونے کے لیے پاسپورٹ اور پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ حاصل کیا تھا جبکہ اس کے خلاف سات مجرمانہ مقدمات درج تھے۔ رپورٹ کے مطابق اس نے پولیس سے ملی بھگت کے ذریعے کینیڈا کا ویزا حاصل کیا۔ دونیکے کے خلاف اس معاملہ میں بھی مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ پنجاب پولیس کے دو اہلکاروں پر اس کی مدد کرنے کا الزام تھا۔ بعد میں انہیں موگا پولیس نے گرفتار کر لیا۔خیال رہے کہ اس سال خالصتانی لیڈر ہردیپ سنگھ نجر کو بھی کینیڈا میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔ نجر کو دو نقاب پوش بندوق برداروں نے سرے میں ایک گرودوارے کی پارکنگ کے قریب گولی ماری تھی۔ اس کے قتل کے بعد خالصتانی حامیوں نے کینیڈا، لندن اور امریکہ سمیت کئی مقامات پر احتجاج کیا اور ہندوستان مخالف نعرے لگائے اور نجر کے قتل کا ذمہ دار ہندوستان کو ٹھہرایا۔