ووٹرس کو حقائق سے واقف کرانے پولیس میں درخواست
حیدرآباد۔/6 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) کانگریس قائدین نے گجویل پولیس اسٹیشن میں سابق چیف منسٹر کے سی آر کے لاپتہ ہونے کی شکایت درج کرائی ۔پردیش کانگریس ترجمان بی سریکانت راؤ نے تحریری شکایت حوالے کی جس میں کہا گیا کہ سابق چیف منسٹر جو گجویل کے رکن اسمبلی بھی ہیں رائے دہندوں کیلئے دستیاب نہیں ہیں۔ طویل عرصہ سے وہ دکھائی نہیں دیئے لہذا پولیس کو ان کے بارے میں پتہ کرنا چاہیئے۔ کانگریس قائدین نے کہا کہ اسمبلی انتخابات کے بعد کے سی آر فارم ہاوز میں منتقل ہوئے تھے لیکن وہ طویل عرصہ سے عوام کیلئے دستیاب نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ کے عوام میں اس پر بے چینی پائی جاتی ہے۔ پولیس کو چاہیئے کہ وہ کے سی آر سے متعلق گجویل عوام کو اطلاع دیں۔ پردیش کانگریس کے ترجمان سریکانت راؤ نے کہا کہ گجویل سے انتخاب کے بعد کے سی آر عوام میں دکھائی نہیں دے رہے ہیں۔ اس موقع پر مقامی کانگریس قائدین ملاریڈی، پرکاش راؤ، نرسمہا ریڈی، چندرشیکھر و دیگر موجود تھے۔1