کے ٹی راما راؤ کے بیرونی دوروں کی بھی جانچ ہوگی

   

چیف منسٹر کا دفتر دوروں پر اخراجات اور سرمایہ کاری کا جائزہ لینے میں مصروف
حیدرآباد 19 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) حکومت تلنگانہ کی جانب سے امکان ہے کہ سابق ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت کے ٹی راما راؤ کے بیرونی دوروں کی تحقیقات کی جائے گی ۔ کہا جا رہا ہے کہ گذشتہ ساڑھے نو سال کے عرصہ میں کے ٹی آر نے امریکہ کے بشمول کئی ممالک کے دورے کئے تھے جن کی تحقیقات کی جاسکتی ہیں۔ حالیہ اسمبلی انتخابات سے قبل بھی کے ٹی راما راؤ نے امریکہ کا دورہ کیا تھا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزراء اور عہدیداروں کی جانب سے کئے گئے بیرونی دوروں کے جی اوز بی آر ایس حکومت نے پوشیدہ رکھے تھے ۔ حالانکہ ریاستی وزراء اور عہدیداروں کی جانب سے بیرونی ممالک کے دوروں میں کوئی غلط بات نہیں ہے تاہم ان پر اخراجات واجبی ہونے چاہئیں اور بہت زیادہ خرچ نہیں ہونا چاہئے ۔ پتہ چلا ہے کہ ریاست میں انتخابات کے بعد تشکیل پانے والی کانگریس حکومت مختلف محکمہ جات کے اخراجات پر وائیٹ پیپر جاری کرنے کی تیاری کر رہی ہے ۔ ان وائیٹ پیپرس کے ذریعہ کے ٹی راما راؤ کی جانب سے کئے گئے بیرونی دوروں کی تفصیل کو بھی پیش کیا جائیگا ۔ اس میں یہ بھی واضح کیا جائیگا کہ کے ٹی آر نے کتنے ممالک کا دورہ کیا ہے ۔ کس ملک کو کتنے بار گئے ہیں اور ان دوروں پر کتنی رقومات خرچ کی گئی ہیں۔ پتہ چلا ہے کہ چیف منسٹر کے دفتر سے خود اس بات کا جائزہ لیا جا رہا ہے کہ ان دوروں کے نتیجہ میں ریاست کو کتنی سرمایہ کاری حاصل ہو رہی ہے اور دوسرے اعداد و شمار کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے ۔ کے ٹی راما راؤ کے علاوہ کچھ سرکاری عہدیداروں نے بھی بیرونی دوروں پر عوامی رقومات خرچ کی ہیں۔ یہ بھی الزامات پائے جاتے ہیں کہ کچھ عہدیدار اپنے ساتھ اپنی پسند کے افراد کو بھی بیرونی دوروں پر لے گئے تھے جو قواعد کی صریح خلاف ورزی ہے ۔