حیدرآباد۔/6مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے بیروزگار نوجوانوں کیلئے خوشخبری ہے۔ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن نے گروپ I ، گروپII اور گروپ III امتحانات کا شیڈول جاری کردیا ہے۔ پبلک سرویس کمیشن نے اس سلسلہ میں اعلامیہ جاری کیا ہے۔ واضح رہے کہ حکومت نے سابق گروپ نوٹیفکیشن کو منسوخ کرتے ہوئے نیا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ اعلان کے مطابق گروپ I مینس امتحانات 21 اکٹوبر سے شروع ہوں گے۔ گروپII امتحانات 7 اور 8 اگسٹ کو منعقد ہوں گے۔ گروپ III امتحانات 17 اور 18 نومبر کو منعقد ہوں گے۔ گروپ I کے تحت 563 ، گروپ II کے تحت 783 اور گروپ III کے تحت 1388 جائیدادوں پر تقررات ہوں گے۔ سکریٹری پبلک سرویس کمیشن کے مطابق گروپ II کی 783 جائیدادوں کیلئے 4 پرچہ جات کا امتحان ہوگا۔ گروپ I کی 563 جائیدادوں کیلئے 21 اکٹوبر سے 7 پرچہ جات کا امتحان رہے گا جبکہ گروپ III کی 1388 جائیدادوں کیلئے 17 اور18 نومبر کو تین پرچہ جات کا امتحان رہے گا۔ تینوں گروپس کے درخواست گذار امیدواروں کو امتحانی تاریخ کے بارے میں اطلاع کردی گئی ہے۔1