دیگر سرویس امتحانات کے نصاب کا احاطہ ، 9 مضامین پر مشتمل تین کتابوں کی اشاعت
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جولائی (سیاست نیوز) پبلک سرویس کمیشن امتحانات میں حصہ لینے والے اردو میڈیم طلبہ کیلئے محکمہ اقلیتی بہبود سے اردو نصابی مواد تیار کیا گیا اور کوچنگ سنٹرس پر امیدواروں میں تقسیم کا آغاز ہوچکا ہے۔ حکومت نے پبلک سرویس کمیشن کے گروپ I اور دیگر امتحانات کے اردو میں انعقاد کا فیصلہ کیا ہے ۔ اردو امتحان لکھنے کے خواہشمند طلبہ کیلئے نصاب دستیاب نہیں تھا ۔ کمیشن نے اگرچہ گروپ I امتحانات کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا ہے لیکن حیدرآباد اور دیگر اضلاع میں اقلیتی امیدواروں کو اردو اور انگلش کی کوچنگ کا آغاز کیا گیا ۔ حیدرآباد میں اردو مسکن اور میناریٹیز اسٹڈی سرکل میں تقریباً 150 اقلیتی امیدوار کوچنگ حاصل کر رہے ہیں جبکہ انگلش میڈ یم کیلئے کوچنگ کا علحدہ انتظام ہے۔ گروپ I اور دیگر سرویس امتحانات میں اقلیتی نمائندگی میں اضافہ کیلئے 9 مختلف مضامین کا احاطہ کرکے 3 کتابیں تیار کی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم، حکومت کے مشیر اے کے خاں ، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ اردو نصاب کی تیاری کا جائزہ لیا تھا۔ سکریٹری بورڈ آف انٹر میڈیٹ سید عمر جلیل و پروفیسر ایس اے شکور کو اردو ترجمہ اور نصاب کی تیاری کی ذمہ داری دی گئی ۔ ماہر مترجمین و نصاب کے ماہرین کی خدمات حاصل کرکے دیڑھ ماہ کی ریکارڈ مدت میں اردو نصاب تیار کیا گیا ۔ پہلی کتاب میں عام معلومات اور حالیہ واقعات ، سائنس و ٹکنالوجی اور ماحولیاتی مسائل کو شامل کیا گیا ۔ دوسری کتاب میں تلنگانہ سماج ، تہذیب ، ثقافت اور ادب ، حکومت تلنگانہ کی فلاحی پالیسیوں ، بین الاقوامی تعلقات اور واقعات اور جغرافیہ کو شامل کیا گیا۔ تیسری کتاب میں ہندوستان کی تہذیب اور ثقافت ، ہندوستان کا آئین اور حکمرانی ، ہندوستان کی عوامی پالیسیاں اور ملک کی معاشی سماجی ترقی جیسے امور کا احاطہ کیا گیا۔ محکمہ اقلیتی بہبود نے تلنگانہ اردو اکیڈیمی کے اشتراک سے اردو نصابی مواد شائع کیا۔ تلگو اکیڈیمی سے اس کی پرنٹنگ کرائی گئی ۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم نے حیدرآباد کے ٹریننگ سنٹرس پر امیدواروں میں اردو نصابی مواد تقسیم کیا ہے ۔ اقلیتی بہبود کے تحت کوچنگ حاصل کرنے والے طلبہ کو یہ کتابیں مفت فراہم کی جائیں گی جبکہ دیگر امیدوار خریدنا چاہیں تو اس کی قیمت فی کس 280 روپئے مقرر کی گئی ہے۔ امید کی جارہی ہے کہ اردو نصابی مواد کی تیاری سے گروپ I اور دیگر سرویس امتحانات میں اقلیتی امیدواروں کی نمائندگی میں اضافہ ہوگا۔ تلنگانہ میں گروپ I سطح پر اقلیتی عہدیداروں کی کمی اہم مسئلہ بن چکی ہے جس کے نتیجہ میں کئی اہم محکمہ جات میں اقلیتی عہدیدار اہم عہدوں پر دستیاب نہیں۔ر