گریجویٹ ایم ایل سی انتخابات کیلئے ووٹر رجسٹریشن مہم میں تیزی لائی جائے: علی مسقطی

   

حیدرآباد ۔ 27 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : بی آر ایس کے حیدرآباد، رنگاریڈی اور محبوب نگر گریجویٹ ایم ایل سی انتخابات کے ضمن میں انچارج جناب علی مسقطی کے زیر نگرانی اجلاس منعقد ہوا جس میں بی آر ایس قائدین نے شرکت کی اجلاس کو سینئیر بی آر ایس پارٹی قائد جناب الیاس قریشی نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ گریجویٹ ووٹرس کے اندراج میں تیزی لانا ضروری ہے اس تعلق سے تعلیم یافتہ نوجوانوں کو متحدہ طور پر اُجاگر کیا جانا چاہیے ۔ اُنہوں نے کہا کہ وہ اس بات کا اظہار کرتے ہیں کہ وہ انچارج جناب علی مسقطی کی قیادت میں مجوزہ قانون ساز کونسل انتخابات کیلئے بی آر ایس اُمید وار کی کامیابی کی کوشش کریں گے ۔ الیاس قریشی نے بی آر ایس قائدین سے کہا کہ چارمینار اسمبلی حلقہ کے تمام اہل گریجویٹس کے ووٹرز رجسٹریشن کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ گریجویٹس جنہوں نے سال 2023 سے قبل ڈگری حاصل کی ہے ، نیز پوسٹ گریجویشن کی ڈگری رکھنے والے افراد اپنے ناموں کا نئے سرے سے اندراج کروائیں، چاہے وہ پہلے رجسٹریشن کروا چکے ہوں۔انہوں نے بتایا کہ ووٹر رجسٹریشن کی آخری تاریخ 6 نومبر ہے ، لہٰذا تمام قائدین اور کارکنان اس مہم کو سنجیدگی سے اہل گریجویٹس کا اندراج یقینی بنائیں اور بھاری اکثریت سے بی آر ایس امیدوار کو کامیاب بناتے ہوئے کے چندر شیکھر راؤ و کارگزار صدر کے ٹی راما راؤ کے ہاتھ مضبوط کریں۔گریجویٹ ایم ایل سی انتخابات میں بی آر ایس امیدوار کی کامیابی کیلئے تمام قائدین اور کارکنان کو متحدہ کوششیں کرنی چاہئیں۔