شناختی کارڈ فہرست میں نام کی شمولیت کی گیارنٹی نہیں، سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں کے ساتھ الیکشن آفیسر کا اجلاس
حیدرآباد۔/5 مارچ، ( سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میں لوک سبھا چناؤ کے آزادانہ و منصفانہ انعقاد کیلئے ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر رونالڈ راس نے سیاسی پارٹیوں سے تعاون کی اپیل کی ہے۔ کمشنر جی ایچ ایم سی جو ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر بھی ہیں آج سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جلد ہی لوک سبھا چناؤ کے نوٹیفکیشن کی اجرائی کا امکان ہے۔ حیدرآباد میں چناؤ کے انعقاد کے سلسلہ میں تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ ای وی ایم مشینوں اور وی وی پیاٹ کا پہلے مرحلہ کا معائنہ مکمل ہوچکا ہے۔ 16 مراکز پر ای وی ایم مشینوں کے ذریعہ رائے دہی کے سلسلہ میں شعور بیداری مہم چلائی گئی۔ جی ایچ ایم سی ہیڈکوارٹر کے علاوہ 15 اسمبلی حلقہ جات میں ریٹرننگ آفیسرس کے دفاتر میں عملی مظاہرہ پیش کیا گیا۔ ای وی ایم مشینوں اور وی وی پیاٹ کے بارے میں رائے دہندوں کو واقف کرایا گیا ہے۔ رونالڈ راس نے کہا کہ 8 فروری کو قطعی فہرست رائے دہندگان جاری کردی گئی ہے جس کے تحت حیدرآباد میں جملہ رائے دہندے 4570138 ہیں جن میں سے 2330574 مرد اور2239240 خاتون رائے دہندے ہیں۔ تھرڈ جینڈر رائے دہندوں کی تعداد 324 ہے۔ ضلع میں جملہ 3986 پولنگ مراکز ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 23 جنوری 2024 سے 4 مارچ تک آن لائن اور آف لائن فارم 6 ، 6A ، 7 اور 8 کے تحت جملہ 169255 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے 109072 کی جانچ کرتے ہوئے 102294 کو منظوری دی گئی۔ 6778 درخواستیں مسترد کی گئیں۔ یہ تفصیلات سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں کے حوالے کی گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ پرچہ نامزدگی کے ادخال کی آخری تاریخ سے 10 دن قبل تک فارم 6 کی درخواستیں قبول کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ناموں کی شمولیت جاریہ عمل ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ عوام فہرست رائے دہندگان میں اپنے ناموں کی شمولیت کا جائزہ لیں۔ صرف ووٹر شناختی کارڈ کی موجودگی فہرست رائے دہندگان میں نام کے یقینی ہونے کی گیارنٹی نہیں ہے۔ ہر اسمبلی حلقہ میں چہارشنبہ کے دن سیاسی پارٹیوں کے ساتھ اجلاس منعقد کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خاندان کے تمام افراد کو ایک ہی پولنگ اسٹیشن پر رائے دہی کی سہولت فراہم کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ رونالڈ راس نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ سیاسی پارٹیوں کی شکایات اور نمائندگیوں پر فوری کارروائی کریں۔ سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں نے بعض تجاویز پیش کی۔ اجلاس میں رکن اسمبلی کوثر محی الدین، بی ایس پی لیڈر کلیان سندیپ، بی جے پی لیڈر وی ایس بھردواج، کانگریس لیڈر جی نرنجن، بی آر ایس لیڈر وجئے کمار اور دوسروں نے شرکت کی۔1