گریٹر حیدرآباد میں آزادانہ و منصفانہ رائے دہی کے انتظامات مکمل

   

چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج اور ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر رونالڈ راس نے ووٹنگ مشینوں کا جائزہ لیا
حیدرآباد۔/12 مئی، ( سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میں کل 13 مئی کی رائے دہی کے سلسلہ میں ڈسٹری بیوشن مراکز سے پولنگ اسٹاف کو متعلقہ پولنگ اسٹیشنوں کو منتقل کردیا گیا۔ ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر اور کمشنر جی ایچ ایم سی رونالڈ راس نے الیکشن اسٹاف کی روانگی کے انتظامات کی نگرانی کی۔ روانگی سے قبل پولنگ اسٹاف کو ای وی ایم مشینوں کی کارکردگی سے واقف کرایا گیا۔ رائے دہی صبح 7 تا شام 6 بجے ہوگی۔ رونالڈ راس نے ڈسٹری بیوشن مراکز کا دورہ کرتے ہوئے پولنگ اسٹاف سے ملاقات کی۔ علامتی رائے دہی کے ذریعہ پولنگ اسٹاف صبح 5:30 بجے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کو دو پولنگ ایجنٹس کی موجودگی میں رائے دہی کیلئے تیار کریں گے۔ صبح 7 بجے سے قبل ووٹنگ مشینوں کو رائے دہی کیلئے تیار کرلیا جائے گا۔ رونالڈ راس نے کوٹلہ وجئے بھاسکر ریڈی اسٹیڈیم، سکندرآباد ویسلی کالج اور دیگر مراکز کا دورہ کیا جہاں رائے شماری مراکز قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے پولنگ اسٹیشنوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج کے ہمراہ رونالڈ راس نے لوک سبھا حلقہ حیدرآباد کے چارمینار اور یاقوت پورہ اسمبلی حلقہ جات میں انتظامات کا جائزہ لیا۔ وکاس راج نے بتایا کہ رائے دہی کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ حیدرآباد ضلع کے تحت سکندرآباد اور حیدرآباد پارلیمانی حلقوں کی رائے دہی ہوگی۔ وکاس راج نے عوام سے اپیل کی کہ وہ رائے دہی کے جمہوری عمل میں حصہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد اور سکندرآباد کے علاوہ کنٹونمنٹ اسمبلی حلقہ میں ضمنی چناؤ کیلئے ووٹ ڈالے جائیں گے۔ 3986 پولنگ مراکز میں تقریباً 45 لاکھ رائے دہندے اپنے حق کا استعمال کریں گے۔ پولنگ مراکز میں رائے دہندوں کیلئے بنیادی سہولتوں کے علاوہ میڈیکل ٹیم دستیاب رہے گی۔1