گیان واپی مسجد کے معاملے میں سپریم کورٹ سے مسلم فریق کو لگا بڑا جھٹکا، پوجا رہے گی جاری

   

نئی‌ دہلی: گیانواپی مسجد کے تہہ خانے میں عبادت کرنے کے معاملے میں مسلم فریق کو سپریم کورٹ سے بھی جھٹکا لگا ہے۔ پیر کو سی جے آئی ڈی وائی چندر چوڑ نے کہا کہ گیانواپی تہہ خانے جانے کا راستہ جنوب میں ہے اور مسجد میں جانے کا راستہ شمال سے ہے۔ دونوں ایک دوسرے کو متاثر نہیں کرتے۔ اس وقت پوجا اور نماز دونوں اپنے اپنے مقامات پر جاری ہیں۔ سی جے آئی نے یہ فیصلہ انجمن انتظامیہ مسجد کی طرف سے دائر درخواست کی سماعت کے دوران دیا۔ مسجد کمیٹی نے الہ آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف درخواست دائر کی ہے۔ اس میں ہائی کورٹ نے وارانسی کورٹ کے اس فیصلے کو برقرار رکھا تھا، جس میں ہندو فریق کو گیانواپی مسجد کے جنوبی تہہ خانے میں پوجا کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔