ہر کوئی نشانے پر ہے،نیتن یاہو کی حسن نصراللہ کو دھمکی

   

بیروت: جنوبی اور مشرقی لبنان پر بھاری بمباری کے بعد سرحد پر اب تک کے سب سے زیادہ پرتشدد دن کے موقع پر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے حزب اللہ کے رہنما حسن نصر اللہ کو دھمکیاں دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہر کسی کو نشانے پر رکھا ہوا ہے۔نیتن یاہو نے پیر کو ایک تقریر میں مزید کہا کہ حزب اللہ گھروں میں میزائل رکھ رہی ہے اور ان سے ہمیں نشانہ بنا رہی ہے۔ ہمیں اپنے دفاع کیلئے حزب اللہ کو جواب دینا چاہیے۔ لبنانی عوام کو ہماری وارننگ کو سنجیدگی سے لینا چاہیے اور اپنے گھروں سے نکل جانا چاہیے۔نیتن یاہو نے یہ بھی کہا کہ اسرائیل کی جنگ لبنانی عوام کے خلاف نہیں بلکہ حزب اللہ کے ساتھ ہے۔ نیتن یاہو نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ان کا ملک بمباری جاری رکھے گا۔ نیتن یاہو نے پیر کو ایک تقریر میں تل ابیب کے اندر ایک آرمی ہیڈکوارٹر میں صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد کہا کہ میں نے وعدہ کیا تھا کہ ہم شمال میں سیکورٹی کے توازن اور طاقت کے توازن کو تبدیل کر دیں گے۔ اور یہ بالکل وہی ہے جو ہم کر رہے ہیں۔تاہم نیتن یاہو نے ساتھ ہی خبردار کیا کہ ان کے ملک کو مشکل دنوں کا سامنا کرنا پڑے گا کیونکہ جنوبی لبنان میں حزب اللہ پر حملوں میں شدت آئے گی۔ انہوں نے اسرائیلیوں سے مہم جاری رکھنے اور حکام کی ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی۔ یہ بیانات اسرائیلی فوج کے اس اعلان کے فوراً بعد سامنے آئے ہیں کہ اس نے لبنان میں حزب اللہ پر اپنے حملوں کا دائرہ بڑھا دیا ہے اور وادی البقاع میں اس نے لبنانیوں کو حزب اللہ کے ہتھیاروں کے مقامات کے قریب رہنے والوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ ان سے دور رہیں۔لبنانی وزارت صحت کے مطابق 23 ستمبر پیر کے روز صبح سے مسلسل پرتشدد اسرائیلی حملوں میں 492 افراد شہید اور 1645 زخمی ہوگئے ہیں۔ مرنے والوں میں 35 بچے بھی شامل ہیں۔
وزیراعظم لبنان میقاتی کی نیویارک روانگی
بیروت ؍ واشنگٹن: اسرائیل کے لبنان پر عشروں میں ایک مہلک ترین حملے کے بعد لبنان کے نگراں وزیرِ اعظم نجیب میقاتی منگل کو نیویارک روانہ ہو رہے ہیں۔میقاتی کے دفتر کے مطابق انہوں نے پہلے نیویارک کا دورہ منسوخ کر دیا تھا لیکن اب موجودہ پیشرفت کو مدنظر رکھتے ہوئے وہ مزید رابطے کرنے کیلئے وہاں جا رہے ہیں۔
منگل کو اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79ویں اجلاس کی عام بحث کا پہلا دن ہے جو 28 ستمبر تک جاری رہے گا اور 30 ستمبر 2024 کو اختتام پذیر ہوگا۔لبنان کی وزارتِ صحت کے مطابق حالیہ مہلک حملے میں کئی خواتین اور بچوں سمیت 492 افراد جاں بحق ہو گئے اور 1645 زخمی ہوئے۔اسرائیل نے پیر کے روز لبنان پر اپنا ایک بڑا سرحد پار حملہ کیا جس میں بنیادی طور پر جنوبی لبنان، وادء بقاع اور بعلبک کو نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیلی فوج نے کہا، وہ حزب اللہ کے اہداف اور اس کے توپ خانے پر حملہ کر رہی ہے جس کے بارے میں اس کا دعویٰ ہے کہ وہ شہری عمارتوں میں محفوظ ہیں۔میقاتی نے ہفتے کے روز اپنا نیویارک کا دورہ منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا جب اسرائیل نے حزب اللہ کے اراکین کو ان کے پیجرز اور واکی ٹاکیز میں دھماکے کر کے نشانہ بنایا اور ساتھ ہی حزب اللہ کے سینئر رہنما ابراہیم عقیل کو ہلاک کر دیا جو گروپ کی ایلیٹ رضوان فورس کے سربراہ تھے۔