ریاست میں ذات پر مبنی سروے کے باعث فیصلہ کو ترک کردیا گیا
حیدرآباد۔27۔نومبر(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے ریاست میں ’ایک ریاست ایک ڈیجیٹل کارڈ‘ کے منصوبہ کو فی الحال کے لئے ترک کردیا ہے ۔ حکومت تلنگانہ نے اقتدار سنبھالنے کے بعد ریاست میں راشن کارڈ ‘ آروگیہ شری کے علاوہ دیگر سہولتوں کے حصول کے لئے شہریوں کے ڈیجیٹل کارڈ کی تیاری کا منصوبہ تیار کرتے ہوئے اس پر عمل آوری کا جائزہ لینا شروع کیا تھا لیکن باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق حکومت کی جانب سے اس منصوبہ کو فی الحال کے لئے ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ شہریو ںکو تمام سہولتوں کی ایک کارڈ کے ذریعہ فراہمی کو یقینی بنانے کے منصوبہ کے ساتھ جو جائزہ لیا جارہا تھا اس پر اب حکومت نے غور کرنا بند کردیا ہے ۔ پراجکٹ کی تنسیخ یا اسے ملتوی کرنے کے سلسلہ میں دریافت کئے جانے پریہ کہا جا رہاہے کہ فی الحال کے لئے تو اس پراجکٹ پر کوئی غور و خوص نہیں کیا جا رہاہے آئندہ اس پراجکٹ کے سلسلہ میں حکومت کی جانب سے کیا رہنمانہ خطوط جاری کئے جاتے ہیں اس کے متعلق حکومت کی جانب سے ہدایات کی اجرائی کے بعد ہی قطعی فیصلہ کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ریاستی حکومت کی جانب سے ذات پات پر مبنی سروے کے آغاز کے نتیجہ میں ڈیجیٹل کارڈ س کی تیاری کے فیصلہ کو مؤخر کرنے کا تہیہ کیاگیا ہے۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے جاری سروے کے دوران ذات پات کے علاوہ ریاست کے ہر مکین کی تمام تر تفصیلات جمع کرلی جائیں گی اور اس کے بعد ہی ڈیجیٹل کارڈس کے متعلق ریاستی حکومت کی جانب سے فیصلہ کئے جانے کا امکان ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ سروے کے ذریعہ حاصل ہونے والی تمام تفصیلات کے حصول کے بعد ریاستی حکومت کی جانب سے اس بات کا فیصلہ کیا جائے گا کہ مکینو ں کو جاری کئے جانے والے ڈیجیٹل کارڈس کی تیاری کے سلسلہ میں کس طرح سے پیشرفت عمل میں لائی جائے اور ان ڈیجیٹل کارڈس میں کس قدر تفصیلات فراہم کی جائیں۔ ذرائع کے مطابق اگر حکومت کی جانب سے ڈیجیٹل کارڈس کی اجرائی کے سلسلہ میں فیصلہ کیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں ریاستی حکومت کنٹونمنٹ کے علاقہ میں پائیلٹ پراجکٹ کے آغاز کے ذریعہ مکینوں کے ڈیجیٹل کارڈس کی اجرائی عمل میں لاتے ہوئے اس منصوبہ کو عملی جامہ پہنچانے کے متعلق قطعی فیصلہ کرے گی۔چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے ریاست میں جاری فلاحی اسکیمات سے استفادہ کے سلسلہ میں ون اسٹیٹ ون کارڈ کا گذشتہ ماہ3 اکٹوبر کو افتتاح انجام دیا تھا ۔ریاستی حکومت کی جانب سے تیار کئے گئے منصوبہ کے مطابق حکومت نے تلنگانہ کے مکینوں کے لئے انفرادی یا خاندانی طور پر ڈیجیٹل کارڈ کی اجرائی کے ذریعہ انہیں طبی سہولتوں کی فراہمی ‘ راشن کی فراہمی کے علاوہ دیگر فلاحی اسکیمات سے استفادہ کا موقع فراہم کیا جائے گا۔اس ڈیجیٹل کارڈ کی اجرائی کے سلسلہ میں ریاستی حکومت کی جانب سے کئے گئے فیصلہ کے بعد کئے جانے والے سروے کے فیصلہ کے نتیجہ میں ڈیجیٹل کارڈ کی اجرائی کے معاملہ کو زیر التواء رکھنے کافیصلہ کیاگیا ہے اور کہا جار ہاہے کہ فلاحی اسکیمات کے اہل خاندانوں کی نشاندہی کے بعدریاستی حکومت کی جانب سے ڈیجیٹل کارڈس کی اجرائی میں یہ تفصیلات بھی درج کردی جائیں گی کہ کونسے خاندان کو کس طرح کی سہولتوں کی فراہمی عمل میں لائی جائیں گی ۔3