دبئی: سری لنکا کے کپتان داسن شناکا نے ایشیا کپ 2022ء میں افغانستان کے مقابل آٹھ وکٹوں کی شکست کے بعد بیاٹرس کی تیاری پر سوال اٹھایا ہے ۔ ہفتہ کے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا نے افغانستان کے سامنے 20 اوور میں صرف 106رن کا ٹارگٹ رکھا تھا جو افغانستان نے 59 گیندوں پر حاصل کر لیا۔ افغانستان کی جانب سے فضل حق فاروقی اور نوین الحق نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے کوسل مینڈس، پاتھم نسانکا اور چریت اسلنکا کی شکل میں ٹاپ تھری بیاٹرس کو صرف پانچ رن پر پویلین بھیج دیا۔ سری لنکن ٹیم اس سے ابھر نہ سکی اور 105 رن پر آل آؤٹ ہوگئی۔کپتان شناکا نے میچ کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے بیاٹرس سے پوچھنا ہوگا کہ کیا وہ تیار تھے ۔ ہم جانتے ہیں کہ فاروقی گیند کو دونوں طرف سے سوئنگ کرتے ہیں۔ نوین الحق بھی زیادہ تر وقت اسے سوئنگ کرتے ہیں۔یہ ویسا نہیں ہے جیسا ہمارے (گھریلو) حالات میں ہوتا ہے ۔ ہمیں جائزہ لینا ہوگا کہ کیا ہم اس کیلئے تیار تھے ؟ انہوں نے کہا کہ یہ واقعی ایک اچھی پچ تھی۔ پہلے دو اوور نے پوری صورتحال کو بدل کر رکھ دیا۔ پچھلے دو برسوں میں یہ تشویشناک بات ہے کہ ہماری اوپننگ پارٹنرشپ نہیں ہورہی ہے۔ ہمیں اس کا احتساب کرنا چاہیے ۔ شناکا نے کہا کہ ابتدائی وکٹیں کھونے کے بعد کھیل میں واپس آنا ہمیشہ مشکل ہوتا ہے ، اور وہ خراب کارکردگی کا کوئی ’بہانہ‘ نہیں بنائیں گے ۔