ہندومسلم اتحاد کی تحریک کو گاؤں گاؤں پہنچانے کا عزم

   

کاماریڈی میں جمعیۃ العلماء کا اجلاس ، ذمہ داروں کا خطاب ، ائمہ و موذنین کے مسائل پر غور

کاماریڈی۔ 23ستمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) وطنِ عزیز بھارت امن و امان کا گہوارہ ہے جہاں صدیوں سے مختلف مذاہب اور تہذیبوں کے ماننے والے محبت رواداری اور بھائی چارے کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں تاہم موجودہ حالات میں فرقہ پرست طاقتیں ملک کی پرامن فضا کو بگاڑنے اور منافرت کو ہوا دینے کی مسلسل کوششیں کر رہی ہیں ان حالات کے پیش نظر جمعیۃ علماء ہند کے صدر حضرت مولانا سید ارشد مدنی نے نبی کریم ﷺ کے پیغامِ رحمت کو عام کرنے اور باہمی اخوت و اتحاد کے قیام کے لیے ملک گیر سطح پر فکر مند ہیں ، تحریکِ ہندو مسلم اتحاد کے ذریعے باہمی قربت خیرسگالی اور ملک کی تعمیر و ترقی کو یقینی بنانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ جمعیۃ علماء ضلع کاماریڈی کے اراکین کے مشاورتی نشست سے ذمہ داران نے تحریکِ ہندو مسلم اتحاد کے پیغام کو شہر سے لے کر منڈل اور گاؤں گاؤں تک منظم طریقے سے پہنچانے کا پختہ عزم کیا۔ اجلاس کا آغاز مولانا شعیب خان قاسمی کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جبکہ حافظ محمد عبدالعلیم نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں ہدیہ نعت پیش کیا ۔ جمعیۃ علماء کے ضلعی صدر حافظ محمد فہیم الدین منیری نے ایس آئی آر (SIR) سے متعلق اہم اُمور کی جانب توجہ مبذول کروائی اور اس پر مزید فکرمندی سے کام کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے اس ضمن میں جمعیت علماء کے پریس سیکریٹری محمد فیروز الدین اور دیگر اراکین کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی اور مزید محنت کی ترغیب دی ۔ اس موقع پر اوپن ایس ایس سی (Open SSC) امتحانات کے سلسلے میں بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور طلبہ کے تعلیمی تعاون کے اُمور زیرِ غور آئے ، اس کے علاوہ مساجد کے ائمہ و مؤذنین کرام کے درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے اس بات پر خاص زور دیا گیا کہ ان کی مستقل سرپرستی معاونت اور ضروریات کی تکمیل کے لیے ذمہ داران کو خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ سیلاب زدہ علاقوں کے لیے کاماریڈی اور اطراف کے دردمند مخیر احباب کے تعاون سے جمعیۃ علماء ہند کو بذریعہ بینک اکاؤنٹ 1,35,000 (ایک لاکھ پینتیس ہزار) روپئے اور نقد 67,820 (سڑسٹھ ہزار آٹھ سو بیس) روپئے اس طرح کل 2,02,820 (دو لاکھ دو ہزار آٹھ سو بیس) روپئے کی رقم روانہ کی گئی ۔ جمعیت علماء کاماریڈی کے ذمہ داران نے تمام معاونین کا شکریہ ادا کیا۔ میٹنگ میں مفتی عمران خان قاسمی صدر مقامی جمعیت علماء حافظ محمد یوسف حلیمی انور الحاج سید عظمت علی الحاج محمد عبدالواجد علی قاری مجاہد صدیقی مولانا نظر الحق قاسمی مولانا سید منظور احمد کے علاوہ معزز اراکین جمیعت علماء نے شرکت کی۔