یوپی اسمبلی میں جرنلسٹوں کومار پیٹ ، میڈیا میں سخت ناراضگی

   

لکھنؤ: اتر پردیش اسمبلی کا بجٹ اجلاس آج سے شروع ہو گیا ہے۔ گورنر آنندی بین پٹیل نے اپوزیشن کی نعرہ بازی اور شور و غل کے درمیان اپنی تقریر مکمل کی۔ اس درمیان اپوزیشن نے حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔ اپوزیشن اراکین ’گورنر واپس جاؤ‘ اور ’تاناشاہی کی یہ حکومت نہیں چلے گی، نہیں چلے گی‘ کا نعرہ لگا رہے تھے۔ اس سے پہلے آج اتر پردیش اسمبلی میں جو کچھ ہوا وہ جمہوریت کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ یہ واقعہ افسوسناک ہے کہ ایوان کے باہر میڈیا اہلکاروں کے ساتھ مار پیٹ اور دھکا مکی کی گئی۔سماجوادی پارٹی نے اس واقعہ کے تعلق سے ٹوئٹ کر کہا کہ لکھنؤ اسمبلی میں آج سے شرو ع ہو رہے یوپی بجٹ اجلاس کی کوریج کرنے آئے میڈیا اہلکاروں کے ساتھ سیکورٹی اہلکاروں کے ذریعہ کی گئی بدسلوکی اور مار پیٹ کا واقعہ قابل مذمت اور شرمناک ہے۔یہ واقعہ جمہوریت پر ایک بدنما داغ ہے۔ قصوروار سیکورٹی اہلکاروں کے خلاف فوراً سخت کارروائی کی جائے۔میڈیا اہلکاروں کے ساتھ کی گئی مار پیٹ پر ’امر اجالا‘ کے بیورو چیف طارق اقبال نے شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے ٹوئٹ کر کے کہا کہ آج یوپی اسمبلی میں کوریج کے دوران وہاں تعینات مارشلوں نے میڈیا اہلکاروں کی پٹائی کی ہے۔ اس سے وہاں کافی ہنگامہ ہے۔ میڈیامیں ناراضگی ہے۔