یوپی ایس سی :ملازمت کیلئے4,119 امیدواروں کی مختصر فہرست

   

نئی دہلی: یوپی ایس سی نے 2021-22کے دوران مرکزی ملازمتوں کے لیے 4,119 امیدواروں کو شارٹ لسٹ کیا ہے، جو کہ 10 سالوں میں سب سے کم ہے۔ 1 مارچ 2021 تک تقریباً 9.79 لاکھ عہدے خالی تھے۔ وزیر مملکت جتیندر سنگھ نے گزشتہ روز لوک سبھا میں کہا،یوپی ایس سی ہر کیلنڈر سال میں نوٹیفائیڈ پوسٹوں کے لیے امتحانات کا انعقاد کرتا ہے۔ 2021-22کے لیے 5,153 آسامیاں نکالی گئیں جن کے لیے کمیشن نے 4,119 امیدواروں کی سفارش کی ہے۔اس سے قبل 2020-21میں 4,214 اور 2019-20میں 5,230 امیدواروں کا انتخاب کیا گیا تھا۔اگر ہم اعداد و شمار پر نظر ڈالیں تو سال 2013-14میں جہاں سب سے زیادہ امیدواروں کو بھرتی کیا گیا وہیں گزشتہ سال سب سے کم انتخاب کیا گیا۔سول سروس کے لیے عمر میں رعایت ممکن نہیں۔سنگھ نے کہا، عمر کی حد میں کوئی رعایت نہیں ہے اور سول سروسز کے امتحان میں اضافی موقع دے رہے ہیں۔ کورونا وبا کے باعث عمر میں نرمی اور امیدواروں کو اضافی مواقع دینے کا معاملہ سپریم کورٹ میں چل رہا تھا۔