آئندہ سال جنوری میں درخواستوں کی طلبی، حکومت کو 9000 کروڑ کی آمدنی کا امکان
حیدرآباد ۔21 ۔ نومبر (سیاست نیوز) حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی نے آوٹر رنگ روڈ کی بہتر نگہداشت کیلئے خانگی اداروں کو سڑکیں لیز پر دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ منصوبہ کے مطابق 158 کیلو میٹر طویل آؤٹر رنگ روڈ کو 30 سال کے عرصہ کیلئے خانگی ایجنسی کو لیز پر دیا جائے گا۔ حیدرآباد گروتھ کاریڈار لمٹیڈ نے ایجنسی کی شناخت کا عمل شروع کردیا ہے۔ آؤٹر رنگ روڈ کو لیز پر حاصل کرنے میں دلچسپی رکھنے والے اداروں سے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ منتخب کردہ ادارہ کو آؤٹر رنگ روڈ کی نگہداشت کرنی ہوگی اور یہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے طرز پر ہوگی۔ آئندہ سال فروری سے پی پی پی طریقہ کار یا پھر ٹی او ٹی بنیادوں پر لیز الاٹ کی جائے گی۔ خانگی اداروں کو سڑک کی مکمل نگہداشت مینجمنٹ اور دیگر امور پر توجہ دینی ہوگی۔ منتخب کردہ ادارہ کو ٹریفک مینجمنٹ اور حادثات سے حفاظت کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنی ہوگی۔ ہائی وے کو غیر مجاز قبضوں سے پاک رکھنا ادارہ کی ذمہ داری ہوگی ۔ 29 نومبر کو لیز کے سلسلہ میں ابتدائی اجلاس منعقد ہوگا ۔ دلچسپی رکھنے والے ادارے 16 جنوری 2023 ء تک درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ 24 جنوری کو ٹنڈرس کو قطعیت دی جائے گی اور 23 جنوری کو اہم درخواستوں کے ناموں کا اعلان کیا جائے گا ۔ 28 جنوری کو منتخب ادارہ کو کام کی حوالگی کا مکتوب دیا جائے گا جبکہ 20 فروری کو معاہدہ ہوگا۔ امید کی جارہی ہے کہ حکومت کو اس فیصلہ سے 8000 کروڑ تا 9000 کروڑ کی آمدنی ہوگی۔ر