آئرلینڈ نے عالمی چیمپئن انڈیاکو ٹی20 سیریز میں وائٹ واش کردیا

   

دوسرے اور آخری میاچ میں میزبان ٹیم کی ایک رن سے سنسنی خیز جیت
ڈبلن۔ 29؍جون ( ایجنسیز )آئرلینڈ نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں ہندوستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رن سے شکست دے کر دو میچز کی سیریز 0-2 سے وائٹ واش کردیا۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی عالمی چیمپئن ہندوستان کی تقریباً 3 برسوں پر محیط 16 مسلسل ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ناقابلِ شکست رہنے کی روایت بھی ختم ہوگئی۔پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آئرلینڈ نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنائے۔ ہیری ٹیکٹر نے اپنے 100ویں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 53 رنز اسکور کیے جبکہ بین کیلٹز کے ساتھ ان کی 65 رنز کی شراکت نے ٹیم کی اننگز کو سہارا دیا۔ہندوستان کی جانب سے پرنس نے اپنے ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو پر عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 22 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شیوم دوبے نے اہم موقع پر مسلسل دو گیندوں پر دو وکٹیں لے کر آئرلینڈ کی پیش قدمی روکنے کی کوشش کی۔ جیت کیلئے155 رنز کے نشانہ کے تعاقب میں ہندوستان کی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا۔ آئرلینڈ کے بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر جے مونڈرا نے پہلی ہی گیند پر سنجو سیمپسون کو آؤٹ کیا اور اسی اوور میں ابھیشیک شرما کو بھی پویلین بھیج دیا۔آئرلینڈ نے پہلے میاچ میں بھی T20 چیمپئن ہندوستان کو 34 رنز سے ہرا دیا تھا۔ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی تاریخ میں یہ صرف چوتھا موقع تھا جب کسی ٹیم کے دونوں اوپنرز گولڈن ڈک پر آؤٹ ہوئے جبکہ ٹی ٹوئنٹی کی تاریخ میں پہلی بار ہندوستان کے دونوں اوپنرزگولڈن ڈک کا شکار ہوئے۔مونڈرا نے بعد میں شریاس آئیر کی وکٹ بھی حاصل کی ۔مشکل صورتحال میں تلک ورما نے 46 گیندوں پر 55 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی جس کے بعد ہندوستان کی بیٹنگ لائن جیت کا نشانہ حاصل نہ کر سکی اور پوری ٹیم 9 وکٹوں پر 153 رنز تک محدود رہی۔ ہیری ٹیکٹر کو نصف سنچری پر میان آف دی میاچ قرار دیا گیا۔اس تاریخی فتح کے ساتھ آئرلینڈ نے نہ صرف عالمی چیمپئن کو مسلسل دوسرے میچ میں شکست دی بلکہ سیریز میں کلین سوئپ بھی کیا۔