آئندہ عام انتخابات سے قبل تمام ’مہاجرین‘ کو ملک سے نکال دیا جائیگا

,

   

۔2024ء میں لوک سبھا الیکشن سے قبل ملک میں ایک بھی درانداز موجود نہیں ہوگا ، ہریانہ میں امیت شاہ کا خطاب

کائیتھال ۔ 9 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ نے شہریوں کے قومی رجسٹر (این آر سی)، دستوری دفعہ 370 اور رافیل طیاروں کی خریدی کا تذکرہ کرتے ہوئے چہارشنبہ کو کہا کہ آئندہ پارلیمانی انتخابات سے قبل ملک سے تمام غیرقانونی مہاجرین کو باہر نکال دیا جائے گا اور بی جے پی کے صدر نے جو ہریانہ کائیتھال ٹاؤن میں اسمبلی انتخابات کیلئے ایک ریالی سے خطاب کررہے تھے، مزید کہا کہ ’’جب 2024ء میں آپ سے ووٹ مانگنے کیلئے ہم یہاں دوبارہ آئیں گے تو میں آپ سے کہنا چاہتا ہوں کہ اس ملک سے ہر ایک بیرونی درانداز کو باہر نکال چکے ہوں گے‘‘۔ امیت شاہ ہریانہ میں آج مقرر اپنی ٹیم کے منجملہ پہلی انتخابی ریالی سے خطاب کررہے تھے۔ اس ریاست میں 21 اکٹوبر کو انتخابات مقرر ہیں۔ فرانس میں منگل کو رافیل لڑاکا طیارہ کے حصول کے بعد وزیردفاع راجناتھ سنگھ کی طرف سے کی گئی شستر پوجا پر کانگریس قائدین کی تنقیدوں کے جواب میں امیت شاہ نے اس پارٹی کی سخت مذمت کی۔ امیت شاہ نے جلسہ میں موجود ہجوم سے مخاطب ہوتے ہوئے سوال کیا کہ ’’کیا شستر پوجا کی روایت باقی رکھی جانی چاہئے یا نہیں؟ کیا ہمیں اپنی روایات باقی رکھنا چاہئے یا نہیں؟‘‘۔ آسام میں شہریوں کے قومی رجسٹر (این آر سی) کے مسئلہ پر پیدا شدہ تنازعہ کا حوالہ دیتے ہوئے امیت شاہ نے کہا کہ یہ درانداز گذشتہ 70 سال سے ہماری سیکوریٹی پر سوالیہ نشان لگا تے رہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی این آر سی کے ذریعہ ملک سے تمام غیرقانونی مہاجرین کو باہر نکالنے کا تہیہ کرچکی ہے۔ امیت شاہ نے جلسہ میں موجود افراد سے سوال کیا کہ آیا ان دراندازوں کو باہر نکالا جانا چاہئے یا نہیں؟ انہوں نے کانگریس اور اس کے مقامی امیدوار اور سینئر لیڈر رندیپ سرجے والا کی جانب سے این آر سی پر عمل آوری کی مخالفت پر شدید تنقید کی ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے افراد آخر کس لئے تین طلاق (بل) کی مخالفت کررہے ہیں۔ دفعہ 370 اور 35A کی تنسیخ پر مخالفت کی وجہ کیا ہے۔ وہ این آر سی کے مخالف کیوں ہیں؟ کانگریس کے بعض قائدین کا بالواسطہ حوالہ دیتے ہوئے امیت شاہ نے کہا کہ راجناتھ سنگھ جی نے فرانس میں شستر پوجا کی لیکن یہ کانگریس کو بہت ناگوار گزرا۔