آئی ایم ایف کے اعداد و شمار کے برعکس ہندوستانی معیشت تیز رفتار اور مستحکم

,

   

نرملا سیتارامن کی آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے سالانہ اجلاس میں شرکت

واشنگٹن ۔ 18 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیرمالیات ہند نرملا سیتارامن نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان آج دنیا کی تیز رفتار سے ترقی کرنے والی معیشت بن چکا ہے اور یہ کوششیں بھی جاری ہیں کہ اسے مزید تیز رفتار بنایا جائے۔ جمعرات کے روز ہندوستانی رپورٹرس کے ایک گروپ سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف نے یوں تو ہندوستان کی ترقی کی رفتار کو زیادہ تیزرفتار نہیں بتایا ہے لیکن یہ کہنا بیجا نہ ہوگا کہ ہندوستان کی معیشت تیز رفتاری سے ترقی کی جانب گامزن ہے۔ یاد رہیکہ نرملا سیتارامن آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے سالانہ اجلاس میں شرکت کیلئے یہاں موجود ہیں۔ انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ وہ ہندوستان کا موازنہ چین کے ساتھ کرنے کا ’’خطرہ‘‘ اٹھانا نہیں چاہتیں حالانکہ یہ بات بھی اپنی جگہ مسلمہ ہیکہ دونوں ممالک کی ترقی کی رفتار کا تناسب آئی ایم ایف کی تازہ ترین رپورٹ میں 6.1% بتایا گیا ہے۔ آئی ایم ایف نے حالانکہ اپنی تازہ ترین رپورٹ میں دنیا کے چند بڑے ممالک کی معیشت کی ترقی کا تناسب کمتر درج کیا ہے جس میں ہندوستان بھی شامل ہے لیکن حقیقت کچھ اور ہے۔

ہندوستان کی معیشت کی ترقی کی رفتار کو کم بتانے کے باوجود ہندوستان تیز ترین رفتار سے ترقی کرنے والا ملک بن کر ابھر رہا ہے۔ 2018ء میں ہندوستانی معیشت کی ترقی کا تناسب 6.8% تھا لیکن آئی ایم ایف نے اپنے تازہ ترین ورلڈ اکنامک آؤٹ لک میں جسے منگل کو جاری کیا گیا ہے، ہندوستانی معیشت کی ترقی کی رفتار کو 6.1% بتایا ہے اور یہ توقع بھی ظاہر کی ہیکہ 2019ء میں ترقی کا یہ تناسب 2020ء میں بڑھ کر 7% ہوجائے گا۔ انہوں نے اپنی بات دہراتے ہوئے کہا کہ چاہے کچھ بھی کہا جائے یا اعدادو شمار پیش کئے جائیں، ہندوستان آج تیز ترین رفتار سے ترقی کرنے والی معیشتوں (ممالک) میں سے ایک ہے حالانکہ اس نوعیت کے اعدادوشمار تیار کرنے میں جذبات کا بھی کافی عمل دخل ہوتا ہے لیکن رپورٹ میں جس طرح ہندوستان کی معیشت کو سست بتایا گیا ہے وہ دراصل اس بات کی جانب نشاندہی ہیکہ ہندوستانی معیشت کی تیز رفتار ترقی گزرے ہوئے زمانوں کے مقابل کچھ کم ہے بہ الفاظ دیگر تیز رفتاری کا سلسلہ بدستور جاری ہے لیکن اسے ماضی کے مقابل کم رفتار قرار دیا گیا ہے۔ لہٰذا میری یہی خواہش ہیکہ اس رفتار میں مزید تیزی پیدا ہو لیکن (مسکراتے ہوئے) یہ کہنا ہی حق بجانب ہیکہ ہندوستان ترقی کے راستے پر پچھڑا ہوا ہرگز نہیں ہے۔ یہ 8% نہیں ہے، یہ 7% نہیں ہے بلکہ یہ کم ہوکر 6% تک آ گیا ہے لیکن مجھے ہر حال میں ہندوستان کی تعریف کرنا ہوگی کہ ایسی پیچیدہ صورتحال میں بھی ہندوستان کے پاس اتنی صلاحیت ضرور ہیکہ وہ اپنی معیشت کی ترقی کو تیز رفتار کرسکے۔