آئی اے ایس افسران اطہرخان اور ٹینا دابی میں طلاق

   

نئی دہلی : آئی اے ایس آفیسرس ٹینا دابی اور اطہر عامر خان جنہوں نے 2018 میں بین مذہبی شادی رچاکر کافی شہ سرخیاں بٹوری تھیں ، تین سال میاں بیوی رہنے کے بعد ایک دوسرے سے الگ ہوگئے ۔ جئے پور کیایک فیملی کورٹ نے ان دونوں کی جانب سے داخل کردہ طلاق کی درخواست کو منظور کرلیا ۔ یاد رہے کہ ٹینا دابی ایک دلت خاتون ہیں جنہوں نے2015ء میں یو پی ایس سی امتحانات میں ٹاپ کیا تھا اور اسی سال اطہر عامر خان نے دوسرا رینک حاصل کیا تھا ۔ ان کا رومانس اور شادی بالکل کسی فلمی کہانی کی طرح منظر عام پر آئی تھی ۔ رپورٹس کے مطابق دونوں نے نومبر 2020ء میں باہمی رضامندی سے طلاق کی درخواست داخل کی تھی ۔ ٹینا دابی اور اطہر خان راجستھان کیڈر کے افسران تھے جن کی پوسٹنگ جئے پور میں ہوئی تھی ۔اطہر خان کو اب حکومت جموں و کشمیر میں تفویض کیا گیا ہے اور وہ اس وقت سرینگر میں ہیں جبکہ ٹینا دابی دہلی کے لیڈی سری رام کالج کی گریجویٹ ہیں ۔ اپنی پہلی ہی کوشش میں یو پی ایس سی کے امتحان میں ٹاپ کرنے والی دلت خاتون ہونے کے ناطے انہیں کافی شہرت ملی تھی ۔ اپنی ٹریننگ کے دوران ٹینا کی ملاقات اطہر خان سے ہوئی اور دونوں میںمحبت ہوگئی ۔ بعد ازاں انہوں نے دہلی میں اپریل 2018ء میں شادی کرلی تھی ۔ شادی کے استقبالیہ میں نائب صدر وینکیا نائیڈو ، اس وقت کی لوک سبھا اسپیکر سمترا مہاجن اور کئی مرکزی وزراء نے شرکت کی تھی ۔ حالانکہ ’’ لوجہاد‘‘ کے چلتے ان کی شادی پر بھی کافی تنقیدیں کی گئی تھیں لیکن ٹینا نے اس وقت کہا تھا کہ ان تنقیدوں کا ان پر کوئی اثر نہیں ہوا ، ان کی شادی تمام مذہبی عقائد سے بالاتر ہے ۔