آئی جی شہنواز قاسم کا سنگاریڈی کا دورہ، پولیس کی کارکردگی کا جائزہ

   

سنگا ریڈی۔ 24 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سالانہ معائنے کے سلسلے میں ملٹی زون۔ II کے انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی) شَہنواز قاسم، نے سنگاریڈی ضلع پولیس دفتر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ضلع ایس پی پریتوش پنکج، ایڈیشنل ایس پی چیتنیہ ریڈی نے انہیں گلدستہ پیش کر کے استقبال کیا آئی جی نے ضلع پولیس کی جانب سے پیش کیے گئے گارڈ آف آنر کو قبول کیا اور ضلع ایس پی کے ہمراہ پولیس دفتر کے احاطے میں شجرکاری کی۔ بعد ازاں انہوں نے ازسرِ نو تعمیر شدہ ضلع اسپیشل برانچ دفتر کا افتتاح کیا اور پولیس دفتر کے مختلف شعبوں کا معائنہ کرتے ہوئے ان کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ کانفرنس ہال میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی نے کہا کہ اگر ہر افسر اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں انجام دے تو ضلع پولیس ریاست میں میں نمایاں مقام حاصل کر سکتی ہے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ جرائم کی روک تھام کے لیے زیادہ جرائم والے علاقوں کی نشاندہی کر کے وہاں لازمی طور پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں اور تمام کیمروں کو ضلع کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے منسلک کیا جائے۔انہوں نے سائبر سیل اور آئی ٹی سیل کے عملے کو مزید متحرک رہنے اور سائبر جرائم کے متاثرین کو جلد انصاف فراہم کرنے کیلئے مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ بعد ازاں آئی جی نے سنگاریڈی ٹریفک پولیس اسٹیشن کا معائنہ کیا، جہاں انہوں نے صفائی، اہلکاروں کی بیرکس اور اسٹیشن ریکارڈ کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ سڑک حادثات اور دیگر ہنگامی حالات میں فوری ردِعمل دیتے ہوئے زخمیوں کو بروقت اسپتال منتقل کیا جائے۔بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں کو آئی جی نے شاباش دی اور ان کیلئے انعامات کا اعلان کیا۔