آئی ٹی ملازمین کی عنقریب دفاتر واپس طلبی

   

ورک فرم ہوم سسٹم کاخاتمہ، کورونا تیسری لہر کے اختتام پر تبدیلی
حیدرآباد۔/8 فروری، ( سیاست نیوز) محکمہ صحت کی جانب سے کورونا کی اومی کرون وائرس پر مبنی تیسری لہر کے خاتمہ سے متعلق اعلان کے بعد حیدرآباد میں آئی ٹی کمپنیوں نے ملازمین کو واپس طلب کرکے باقاعدگی کے ساتھ مکمل دفاتر کے آغاز کی تیاری کرلی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ حیدرآباد کے بیشتر آئی ٹی اداروں نے آئندہ چند ہفتوں میں ملازمین کیلئے ورک فرم ہوم سسٹم کو ختم کرنے کی تیاری کرلی ہے۔ کمپنیوں کی جانب سے ملازمین کو پیامات روانہ کئے جارہے ہیں جس میں انہیں دفاتر سے رجوع ہونے تیار رہنے کی ہدایت دی گئی۔ بعض اداروں نے جنوری سے ملازمین کو اپنے دفاتر واپس طلب کرلیا ہے۔ تلنگانہ میں کورونا کیسس میں قابل لحاظ کمی واقع ہوئی ہے اور اومی کرون وائرس کے غیر مہلک ثابت ہونے کے نتیجہ میں آئی ٹی کمپنیوں نے باقاعدگی کے ساتھ دفاتر کے کام کو بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ دو برسوں سے آئی ٹی کمپنیوں کا کام متاثر ہوا ہے کیونکہ ملازمین کی تعداد میں کٹوتی کے ذریعہ ورک فرم ہوم پالیسی اختیار کی گئی۔ اس بات کی کوئی ضمانت نہیں ہے کہ جن ملازمین کو علحدہ کیا گیا آیا انہیں بحال کیا جائے گا۔ ماہرین کے مطابق آئندہ ایک تا دو ہفتوں میں کئی اہم کمپنیوں میں صد فیصد کام کا آغاز ہوجائے گا۔ اسی دوران حیدرآباد سافٹ ویر ایمپلائز اسوسی ایشن نے کہا کہ دفاتر میں احتیاطی تدابیر کا نظم کیا جائے کیونکہ وائرس کہیں بھی متاثر کرسکتا ہے۔ اسوسی ایشن کی جانب سے دفاتر میں مکمل طور پر کام کی بحالی کی سفارش کی گئی تھی۔ر