آئی پی ایل ٹکٹوں کی فروختگی میں بدعنوانیاں

   

اپل اسٹیڈیم پر بائیں بازو طلبہ تنظیموں کا احتجاج
حیدرآباد ۔ 20 اپریل (سیاست نیوز) آئی پی ایل میاچس کے ٹکٹوںکی فروخت میں بدعنوانیوں کا الزام لگاتے ہوئے آج بائیں بازو طلبہ تنظیموں نے اپل اسٹیڈیم پر احتجاج منظم کیا۔ اے آئی وائی ایف ڈی وائی ایف آئی اور پی وائی ایل قائدین نے احتجاج میں شرکت کی۔ اس موقع پر صدر اے آئی وائی ایف سید ولی اللہ قادری نے حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن مینجمنٹ کمیٹی اور سن رائز حیدرآباد کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا اور تحقیقاتی کمیٹی کو قائم کرتے ہوئے حقیقت منظرعام پر لانے کی مانگ کی۔ ولی اللہ قادری نے کہا کہ حیدرآباد میں آئی پی ایل کرکٹ میاچس کے ٹکٹوں میں بڑے پیمانے پر دھاندلیاں جاری ہیں۔ ٹکٹس منٹوں میں فروخت ہورہے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ایم سی اے انتظامیہ آن لائن فروخت کے نام پر ٹکٹوںکی کالابازاری کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بائیں بازو طلبہ اور نوجوانوں کی تنظیموں کی جانب سے اس اسکام کو منظرعام پر لایا جائے گا۔ انہوں نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اقدام کرتے ہوئے تحقیقاتی کمیٹی کو مقرر کرے اور تمام تر حقیقت کو منظرعام پر لائے جس کے سبب کرکٹ شائقین میں ناراضگی پائی جاتی ہے۔ دیگر صورت انہوں نے ریاست بھر میں احتجاج کا فیصلہ کیا اور آئندہ میاچ کے دن اسٹیڈیم پر دھرنا منظم کرنے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر گری بابو، روی، عظیم، سندیپ و دیگر موجود تھے۔ع