نئی دہلی : ریاست ہریانہ کے فریدآباد کے سیکٹر 18علاقہ میں آتشبازی کے مسئلہ پر ہوئے جھگڑے میںا یک شخص کا قتل کردیا گیا ۔متوفی کی عمر تقریباً 65 سال تھی ۔ پولیس کو دی گئی شکایت میں متوفی کے بیٹے ونود رائے نے بتایا کہ وہ اپنے والد کے ساتھ سیکٹر 18 میں رہتا تھا ۔ دیوالی کی رات وہ ہنگامہ سن کر 12:45 بجے کے قریب بیدار ہوا ۔ اس نے دیکھا کہ پڑوسی دھیرج اور اس کے دوست اس کے والد بچن رائے کو مار رہے ہیں ۔ اس کے بعد اس نے کسی طرح اپنے والد کو بچایا ۔ جھگڑے کے بارے میں پوچھنے پرمعلوم ہوا کہ پڑوسی دھیرج اور اس کے دوست رات 12:30 بجے اس کے گھر کے باہر پٹاخے چھوڑ رہے تھے ، اس سے تیز آواز اور دھواں نکل رہا تھا ۔ اس کے والد دل کے مریض تھے اس لئے انہوں نے دھیرج اور اس کے دوستوں کو آتشبازی سے روکا تھا جس پر ناراض دھیرج اور اس کے دوستوں نے اس کے والد کو اکیلا دیکھ کر ان پر حملہ کردیا ۔ فرید آباد پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے ۔