آج جاپان اوپن کا آغاز،سندھواور سائنا پر نظریںمرکوز

   

ٹوکیو ۔ 22 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کھلاڑی پی وی سندھو کو گذشتہ ہفتہ انڈونیشیاء اوپن کے فائنل میں ہوئی شکست کو پس پشت ڈالتے ہوئے کل یہاں شروع ہونے والے جاپان اوپن میں بہتر مظاہروں کیلئے آگے بڑھنا ہے ۔ 7.50 لاکھ امریکی ڈالرس انعامی رقم کے اس ٹورنمنٹ میں ہندوستانی دوسری کھلاڑی سائنا نہوال کی بھی واپسی ہورہی ہے جوکہ فٹنس مسائل کی وجہ سے انڈونییشیاء اوپن میں شرکت نہیں کرپائی تھیں۔ سندھو جنہیں 7 ماہ کے خطابی قحط کو ختم کرنے کا گذشتہ ہفتہ موقع ملا تھا لیکن اتوار کو کھیلے فائنل میں انہیں اکین یاموچی کے خلاف راست گیمس میں شکست برداشت کرنی پڑی۔ کل شروع ہورہے جاپان اوپن کے پہلے مرحلہ میں سندھو کا مقابلہ چین کی کھلاڑی ہان یو سے ہوگا اور اگر وہ پہلے مرحلہ میں کامیابی حاصل کرتی ہے تو پری کوارٹر فائنل مقابلہ میں ان کا سامنا اسکارٹ لائن کی کرسٹی گیلمور یا جاپان کی آیا اوہری سے ہوسکتا ہے۔ دوسری جانب سندھو کو فائنل میں شکست دینے والی یاماگوچی کا مقابلہ کوارٹر فائنلس میں پھر ایک مرتبہ ہندوستانی کھلاڑی سے ہی ہوگا۔ سندھو نے اس ضمن میں اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ انڈونیشیاء کا ٹورنمنٹ میرے لئے بہتر ثابت ہوا جہاں کی فتوحات کے سلسلہ کو میں جاپان میں بھی جاری رکھوں گی۔ سائنا نہوال رواں سیزن ہندوستان کیلئے خطاب حاصل کرنے والی واحد خاتون ہے اور پہلے مرحلہ میں ان کا مقابلہ تھائی لینڈ کی بوسانند سے ہوگا جن کے خلاف سائنا کا ریکارڈ 3-1 ہے۔ مرد زمرہ کے سنگلس مقابلہ میں دونوں ہندوستانی کھلاڑیوں کے درمیان پہلا مقابلہ ہے جس میں کڈمبی سریکانت اپنے ہم وطن ایچ ایچ پرنائے سے مدمقابل ہوں گے۔