آج سے ادخال پرچہ نامزدگیاں، نظام آباد میں تمام انتظامات مکمل

   

قواعد پر عمل کرنے امیدواروں سے خواہش، ضلع کلکٹر و پولیس کمشنر کی میڈیا سے بات چیت

نظام آباد :17؍ اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع کلکٹر مسٹر راجیو گاندھی ہنمنتو، پولیس کمشنرکملیشور نے آج کلکٹریٹ میں پارلیمانی انتخابات کے انتظامات پر تفصیلی طور پر بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ 18؍ اپریل کے روز پارلیمانی انتخابات کیلئے اعلامیہ جاری کیا جارہا ہے اور تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور 18؍ اپریل کے روز سے ہی پرچہ نامزدگی شروع کی جائے گی اور 25 ؍ اپریل تک پرچہ نامزدگی حاصل کی جائے گی 26؍ اپریل کے روز جانچ پڑتال اور 29؍ اپریل کے روز 3 بجے تک دستبرداری ہوگی ۔ ضلع کلکٹر مسٹر راجیو گاندھی ہنمنتو ، پولیس کمشنر کملیشور نے تفصیلی طور پر بتایا کہ تعطیلات کے علاوہ باقی تمام دنوں میں پرچہ نامزدگی حاصل کی جاسکتی ہے انتخابات میں مقابلہ کرنے والے افراد سے وقت اور قواعد پر عمل کرنے کی خواہش کی ۔ کلکٹر نے کہا کہ فارم 2Aریٹرینگ آفس سے مفت میں حاصل کیا جاسکتاہے اور وقت مقررہ پر پرچہ نامزدگی داخل کریں ایک امیدوار 4سٹ داخل کرسکتا ہے اور امیدواروں کو اپنے ساتھ چار افراد کو اندر لانے کی اجازت دی گئی ہے ۔ جنرل زمرہ میں مقابلہ کرنے والے امیدواروں کو 25 ہزار روپئے ، ایس سی ایس ٹی زمرہ کے امیدواروں کو 12,500 روپئے ڈپازٹ کی رقم جمع کرنا ہوگایہ رقم نقد یا چالان کی شکل میں جمع کرسکتے ہیں چیکس کو قبول نہیں کیا جائیگا قومی پارٹیوں کی جانب سے مقابلہ کرنے والے امیدواروں کو اپنے حلقہ کے کسی بھی ایک ووٹر سے پرپوزل کراسکتے ہیں جبکہ آزاد امیدواروں کو 10 ووٹرس سے پرپوز کرنا چاہئے ۔ اگر نظام آباد پارلیمنٹ کے علاوہ دوسرے پارلیمانی حلقہ سے تعلق رکھنے والے افراد نظام آباد سے مقابلہ کرنا چاہتے ہیں تو یہ اپنے اسمبلی حلقہ کے ای آر او سے فہرست رائے دہندگان کی تصدیق کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنا چاہئے ۔ رجسٹریشن پارٹی کے امیدوار اور آزاد امیدواروں کو پارٹ III کے کالم سی میں موجودہ نشانوں میں سے اہمیت کے مطابق نشانات منتخب کرتے ہوئے اس کی تفصیلات درج کروائیں ۔ مقابلہ کرنے والے امیدوار نیا بینک کھاتہ کھولیں اور اس کھاتہ کے ذریعہ ہی اخراجات کرنے کی امیدواروں کا خرچ 95لاکھ روپئے تک کیا جاسکتا ہے ۔ بینک اکائونٹ کے ذریعہ اخراجات کے حساب کتاب کو دیکھا جائیگاامیدوار 10ہزار روپئے تک نقد خرچ کرسکتے ہیں اس سے زیادہ کرنا ہے تو اس کا خرچ ڈیجیٹل کا چیک ڈی ڈی ، آرٹی جی ایس کی شکل میں کرسکتے ہیں ۔ امیدوار پرچہ نامزدگی کرسکتے ہیں یا پرپوزل راست طور پر بھی پہنچ کرسکتے ہیں ۔ ضلع کلکٹر مسٹر راجیو گاندھی ہنمنتو نے بتایا کہ نظام آباد حلقہ میں جملہ 1701573 رائے دہندگان ہے اور مزید ناموں کے اندراج کیلئے 25 تاریخ تک جانچ پڑتال کے بعد ان کے ناموں کا اندراج کیا جائیگا پولنگ تک فہرست رائے دہندگان کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے ۔ نظام آباد پارلیمانی حلقہ میں آرمور ، بودھن ، نظام آباد اربن ، نظام آباد رورل ، بالکنڈہ ، کورٹلہ ، جگتیال اسمبلی حلقہ ہے جملہ 936 علاقوں میں 1807 پولنگ مراکز ہے انتخابات کی انجام دہی کیلئے 7769 عملہ کا تعاون حاصل کیا جارہا ہے حساس پولنگ مراکز پر زائد پولیس فورس تعینات کیا جارہا ہے اور اس پر خصوصی نظر رکھی گئی ہے ۔ انتخابات کے موقع پر 22 چیک پوسٹ قائم کئے گئے ہیں اور اب تک تلاشی کے دوران 330483 روپئے نقد ضبط کئے گئے اور 2800000روپئے کے اشیاء ضبط کئے گئے ہیں ۔ ضبط کردہ رقم اور اشیاء کو گراوہائنٹس کمیٹی کے حوالے کردیا گیا ہے ثبوت پیش کرنے کی صورت میں نقد اور اشیاء کو بھی ریلیز کیا جائیگاقواعد پر سختی کے ساتھ عمل کرنے کیلئے خواہش کرتے ہوئے ضلع کلکٹر نے کہا کہ ضلع میں این سی سی سروے لینڈس ٹیم ، فلائنگ اسکواڈکی ٹیم ،نوڈل آفیسر کا تقرر بھی عمل میں لایا گیا ہے ۔