آج لنکا ۔ بنگلہ دیش مقابلہ ، فضائی آلودگی سے متاثر ہونے کا خدشہ

   

نئی دہلی۔ ہندوستان کے دارالحکومت دہلی میں بدنام زمانہ فضائی آلودگی نے سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان ورلڈ کپ کے میچ کو شکوک و شبہات سے دوچارکردیا ہے اور یہ دیکھنا باقی ہے کہ آیا کھلاڑیوں کی صحت مقابلے پر فوقیت رکھتی ہے یا یہاں پیرکو ہونے والے مقابلے میں کوئی اقدام کیا جاتا ہے ۔ زہریلے کہرے کی ایک موٹی تہہ نے قومی دارالحکومت کو ایک بار پھر لپیٹ میں لے لیا ہے، جس سے دونوں ٹیموں کوکم ازکم ایک بار اپنی ٹریننگ منسوخ کرنے پر مجبور کیا گیا ہے کیونکہ ایرکوالٹی انڈیکس شدید زمرے میں ہے۔ ہوا کا معیار صحت کیلئے ناقص ہونے اور پراکٹس سیشن کو منسوخ کرنے کے بعد سری لنکا اور بنگلہ دیش مقابلے پر سوالیہ نشان لگ چکا ہے۔ جبکہ سری لنکا نے ہفتے کے روزمیدان میں نہ آنے کا فیصلہ کیا، بنگلہ دیش نے گزشتہ شام فیروز شاہ کوٹلہ میں ماسک پہن کر ٹریننگ کے لیے خطرناک حالات کا مقابلہ کیا۔ ٹائیگرز نے خراب معیار کی ہوا کی وجہ سے جمعہ کو اپنا ابتدائی تربیتی سیشن منسوخ کردیا تھا۔
فخر زمان نے میری بات نہیں مانی :بابر اعظم
بنگلور ۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور اوپنر فخر زمان نے نیوزی لینڈ کے خلاف میچ سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈکی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں بابر اعظم اور فخر زمان نے میچ میں اپنی شاندار پارٹنرشپ کے حوالے سے بات کی ہے۔ بابر اعظم نے کہا کہ میرے ذہن میں تھا کہ اگر فخرکریز پر رہ گیا تو ہم یہ ہدف حاصل کرلیں گے، جب بھی فخر نے ایسی اننگز کھیلیں ہیں پاکستان 90 فیصد میچز جیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب میں بیٹنگ کے لیے آیا تو فخر نے مجھے کہا کہ پِچ بیٹنگ کے لیے بہت اچھی ہے، پارٹنرشپ قائم کریں گے، ہمارے ذہن میں بارش کے حوالے سے کچھ نہیں تھا کیونکہ آسمان صاف تھا لیکن اچانک بادل آئے تو ہم نے نیا منصوبہ بنایا کہ کس طرح سے بیٹنگ کرنی ہے لیکن اس سے پہلے بھائی فخر نے کام شروع کردیا تھا۔ ویڈیو میں فخز زمان نے بابر اعظم سے کہا کہ آپ مجھے گراؤنڈ میں ہر چھکے کے بعد کیا کہہ رہے تھے؟ بابر اعظم نے کہا کہ میں کہہ رہا تھا فخر ایک چھکا لگ گیا ہے مسئلہ نہیں، اگر زون میں آئے تو مارنا ورنہ زبردستی نہیں، انہوں نے میری بات ماننے کا کہا پر ایسا نہیں کیا اور زبردستی بھی شاٹس مارے۔یادرہے کہ گزشتہ روز فخر زمان کی برق رفتار سنچری کی بدولت پاکستان نے بارش سے متاثر ہ مقابلے میں نیوزی لینڈ کو شکست دی جس نے 400 رنز اسکور کئے تھے۔