میکسیکو ‘ امریکہ اور کنیڈا میں نظارہ ممکن ۔ ہندوستانی وقت کے مطابق رات 9.15 تا 2.15 بجے گہن ہوگا
حیدرآباد 7 اپریل ( سیاست نیوز ) دنیا بھر میں 8 اپریل کو سورج گہن کا ایک نادر فلکیاتی نظارہ دیکھنے کو ملے گا ۔ یہ سال 2024 کا پہلا ایسا فلکیاتی نظارہ ہوگا ۔ اس تعلق سے فلکیات کے مشاہدہ کے خواہاں افراد میں زبردست جوش و خروش دیکھا جا رہا ہے ۔ تاہم حیدرآباد اور ہندوستان بھر کے عوام کو اس نظارہ کو دیکھنے کا موقع نہیں ملے گا کیونکہ یہ سورج گہن جنوبی ایشیا کے علاقہ سے نہیں دیکھا جاسکے گا ۔ یہ ایک مکمل سورج گہن ہوگا جب سورج چاند کے پیچھے چھپ جائے گا ۔ یہ نظارہ میکسیکو میںسنالوا سے کاؤہیلا تک اور پھر امریکہ میں ٹیکساس سے مئین تک دیکھا جاسکے گا ۔ یہاںسے ہوتا ہوا کنیڈا میںاونٹاریو سے نیوفاونڈ لینڈ تک بھی اس کا نظارہ ممکن ہے ۔ ہندوستان میں کسی بھی مقام سے مکمل سورج گہن کا مشاہدہ ممکن نہیں ہے جبکہ شمالی امریکہ کے تقریبا ممالک میں جزوی گہن کا مشاہدہ کیا جاسکتا ہے ۔ اس کے علاوہ مغربی یوروپ کے کچھ حصوں میں بھی یہ گہن دیکھا جاسکتا ہے ۔ ماہرین نے توثیق کی ہے کہ حیدرآباد میں مکمل چاند گہن دیکھا جاسکتا ہے جو 7 ستمبر 2025 کو ہونے والا ہے ۔ جن ممالک میں یہ سورج گہن دیکھا جاسکتا ہے وہاں عوام اور فلکیاتی نظاروں کے ماہرین میں اس تعلق سے جوش و خروش دیکھا جا رہا ہے ۔ماہرین اس کے نظارہ کے انتظامات بھی کرنے لگے ہیں۔ ہندوستانی معیار وقت کے مطابق رات 9.15 بجے سے رات 2.15 بجے تک یہ سورج گہن رہے گا ۔