آج کا ہندوستان گھر میں گھس کر مارتا ہے: نریندر مودی

   

جموئی: وزیر اعظم نریندر مودی نے آج بہار میں ایک ریلی کے ساتھ نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کی لوک سبھا انتخابی مہم کا آغاز کیا۔ جموئی میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پی ایم مودی نے کہا کہ آج کا ہندوستان، دشمن کے گھر میں گھس کر مارتا ہے۔ کانگریس کے دور میں ہندوستان کو ایک غریب اور کمزور ملک سمجھا جاتا تھا۔ چھوٹے ممالک کے دہشت گرد جو آج آٹے کو ترس رہے ہیں وہ ہم پر حملہ کر کے چلے جاتے تھے اور اس وقت کی کانگریس شکایات لے کر دوسرے ملکوں میں جاتی تھی۔پی ایم مودی نے کہا کہ ایسا نہیں چلے گا۔آج کا ہندوستان گھر میں گھس کر مارتا ہے۔ آج کا ہندوستان دنیا کو سمت دکھا رہا ہے۔ پی ایم نے جموئی میں عوام سے کہا کہ یہ الیکشن ترقی یافتہ بہار کے خواب کو پورا کرنے کا انتخاب ہے۔ ایک طرف کانگریس اور آر جے ڈی جیسی پارٹیاں ہیں جنہوں نے اپنی حکومت کے دوران پوری دنیا میں ملک کا نام خراب کیا تھا۔ دوسری طرف بی جے پی اور این ڈی اے جن کا واحد مقصد ایک ترقی یافتہ ہندوستان بنانا ہے۔بہار آر جے ڈی کے جنگل راج کا بڑا شکار ہوا، سرکاری اسکیموں کو جموئی تک نہیں پہنچنے دیا گیا۔ جس سے مزدوروں اور کسانوں کا نقصان ہوتا تھا لیکن آج جموئی ترقی کی شاہراہ پر تیزی سے گامزن ہے۔ نکسل ازم دم توڑ چکا ہے۔ پی ایم مودی نے کہا کہ جو لوگ گمراہ ہوچکے تھے، انہیں اب حکومت نے مین اسٹریم سے جوڑ دیا ہے۔ان کے اہل خانہ کو سہارا دیا۔ یہاں سے ایکسپریس وے نکلے گا، میڈیکل کالج بھی کھلے گا۔ گیا ایئرپورٹ کی توسیع کی تیاریاں بھی جاری ہیں۔