آذر بائیجان طیارہ حادثہ پر پوٹن کا اظہار معذرت

,

   

ماسکو : روس کے صدر ولادیمیر پوٹن نے صدر آذربائیجان الہام علیوف سے روسی فضائی حدود میں فضائی حادثہ پر معذرت خواہی کی ہے ۔ آذر بائیجان ائرلائینس کا مسافر بردار طیارہ چہارشنبہ کو حادثہ کا شکار ہوگیا تھا ۔ کہا گیا کہ اس طیارہ کو جنوبی روس سے موڑ دیا گیا تھا جس کے بعد وہ اکٹاؤ شہر کے قریب حادثہ کا شکار ہوگیا تھا ۔ اس حادثہ میں جملہ 38 افراد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ 29 زخمی ہوئے تھے ۔ روسی قصر صدارت سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ صدر ولادیمیر پوٹن نے اس افسوسناک حادثہ پر جو روسی فضائی حدود میں پیش آیا ہے ایک بار پھر معذرت خواہی کی ہے اور مہلوکین کے افراد خاندان سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے ۔ کریملن نے کہا کہ یہ نوٹ کیا گیا ہے کہ آدر بائیجانی مسافر بردار طیارہ شیڈول کے مطابق سفر کر رہا تھا اور اس نے گروزنی ائرپورٹ پر لینڈنگ کی کوشش کی تھی ۔ اس وقت گروزنی اور موزڈوک پر یوکرینی افواج سے حملے کئے جا رہے تھے اور روسی ائر ڈیفنس سسٹم کی جانب سے ان حملوں کو ناکام بنایا جا رہا تھا ۔مغربی ماہرین اور امریکہ کا خیال تھا کہ آذربائیجان ائرلائینس طیارہ حادثہ روسی طیارہ شکن میزائیل کی زد میں آنے سے پیش آیا ہے ۔