آرمور میں وی بی جی آر این جی اسکیم کا نفاذ :شیواجی

   

آرمور ۔ 15 جولائی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) آرمور کے منڈل پریشد ڈیولپمنٹ آفیسر (ایم پی ڈی او) شیو اجی نے کہا کہ یکم جولائی سے وی بی جی آر این جی اسکیم کا باقاعدہ نفاذ عمل میں آچکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گاؤں کی سطح پر اس قانون پر مؤثر عمل درآمد کی ذمہ داری سرپنچوں اور پنچایت سیکریٹریوں پر عائد ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کو سال 2047 تک ترقی یافتہ بنانے کے وژن کے تحت مرکزی حکومت نے یہ اسکیم متعارف کرائی ہے۔ اس کے تحت منصوبوں کے لیے 60 فیصد فنڈس مرکزی حکومت جبکہ 40 فیصد فنڈس ریاستی حکومت فراہم کرے گی۔ایم پی ڈی او نے مزید بتایا کہ اس اسکیم کے تحت چار اہم شعبوں میں ترقیاتی کام انجام دیے جا سکتے ہیں، جن میں آبی تحفظ (واٹر سیکیورٹی)، دیہی بنیادی سہولتوں کی فراہمی، روزگار و ذریعۂ معاش کے فروغ کے پروگرام، اور آفات سے نمٹنے کے اقدامات شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان شعبوں کے تحت 318 اقسام کے ترقیاتی کام انجام دینے کی گنجائش موجود ہے، جس سے دیہات کی ہمہ جہت ترقی کو یقینی بنایا جا سکے گا۔اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ سرینواس بھی موجود تھے۔