آرمی رکروٹمنٹ سے متعلق ’’اگنی پتھ‘‘ اسکیم ملک کی سلامتی سے کھلواڑ

   

اتم کمار ریڈی کا الزام، بیروزگار نوجوانوں کے ساتھ دھوکہ
حیدرآباد۔17۔ جون (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے آرمی رکروٹمنٹ سے متعلق ’’اگنی پتھ‘‘ اسکیم سے فوری دستبرداری کا مطالبہ کیا۔ رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ نئی اسکیم کے ذریعہ مودی حکومت ملک کی سلامتی سے سمجھوتہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگنی پتھ اسکیم ملک کے مفاد میں نہیں ہے ، لہذا حکومت کو فوری دستبرداری اختیار کرنی چاہئے ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ مرکز کے غیر دانشمندانہ اور من مانی فیصلہ کے خلاف ملک بھر میں نوجوان احتجاج کرر ہے ہیں۔ ملک کی موجودہ صورتحال کیلئے مودی حکومت ذمہ دار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج میں تقررات کے سلسلہ میں حکومت کو محتاط پالیسی اختیار کرنی چاہئے لیکن مودی حکومت نے چار سال تقررات کی اسکیم متعارف کرتے ہوئے فوج کے ساتھ مذاق کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگنی پتھ اسکیم اور نیشنل رورل ایمپلائیمنٹ گیارنٹی اسکیم میں کوئی فرق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج میں کنٹراکٹ کی بنیاد پر 4 سال کیلئے تقرر کرنا ملک کی سلامتی کو خطرہ پیدا کرنا ہے۔ اسی دوران سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا نے اگنی پتھ اسکیم منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو بیروزگار نوجوانوں کے بجائے اڈانی اور امبانی کے مفادات عزیز ہیں۔ گزشتہ 8 برسوں سے تعلیم یافتہ بیروزگار نوجوان روزگار کی امید میں ہیں لیکن مودی حکومت نے صرف چار سال تقرر کا اعلان کرتے ہوئے نوجوانوں کو دھوکہ دیا ہے۔ر