ہر گھر ترنگا پروگرام میں سی پی آئی حصہ لے گی، ڈاکٹر نارائنا اور عزیز پاشاہ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/27 جولائی، ( سیاست نیوز) سی پی آئی نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس جن کا جدوجہد آزادی میں کوئی رول نہیں ہے وہ آزادی کے 75 سال کی تکمیل کے موقع پر حب الوطنی کا ڈرامہ کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کررہے ہیں۔ سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا ، ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی اور سابق رکن راجیہ سبھا سید عزیز پاشاہ نے آج میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مرکزی حکومت کی جانب سے 13 تا 15 اگسٹ ہر گھر پر ترنگا لہرانے کے پروگرام کو مضحکہ خیز قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس اور بی جے پی کے اقتدار کے بعد سے ہندوستان میں سیکولرازم اور دستور کو خطرہ لاحق ہوچکا ہے۔ ملک کی عظیم روایات اور اقدار میں تنزلی آچکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ نریندر مودی حکومت عوام کے حقیقی مسائل کی یکسوئی کے بجائے شہرت اور دکھاوے کے کام انجام دے رہی ہے۔ ہر گھر پر ترنگا لہرانے کا پروگرام یقیناً باعث خیرمقدم ہے لیکن حیرت اس بات پر ہے کہ جن کا جدوجہد آزادی سے کوئی تعلق نہیں وہ عوام کے سامنے خود کو دیش بھکت ظاہر کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوتوا نظریات کے بانی ساورکر نے انگریزوں کو معافی نامہ لکھ کر دیا تھا۔ آر ایس ایس کے قائدین نے انگریزوں کی غلامی کی اور مجاہدین آزادی کے خلاف کام کیا۔ 13 اور 15 اگسٹ ہر گھر ترنگا لہرانے کے پروگرام میں سی پی آئی حصہ لے گی کیونکہ جدوجہد آزادی میں کمیونسٹ قائدین کا اہم رول رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں نریندر مودی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف ہم خیال جماعتوں کے ساتھ مل کر جدوجہد کی جائے گی۔ عزیز پاشاہ نے کہا کہ قومی کونسل کے اجلاس میں منظورہ قراردادوں کو ریاستی کونسل کے اجلاس میں پیش کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت، سیکولرازم اور دستور کو بچانے کی ضرورت ہے۔ مودی حکومت کوویڈ کی صورتحال سے نمٹنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ر