آر ایس ایس سروے میں بی جے پی کو 200 سیٹیں بھی نہیں

   

پریانک کھرگے کا دعویٰ‘کرناٹک میں بھی صرف 8پرجیت کا امکان
نئی دہلی :لوک سبھا انتخاب کی سرگرمیوں کے درمیان برسراقتدار طبقہ اور اپوزیشن میں ایک دوسرے پر زوردار انداز میں تنقیدیں اور جوابی تنقیدیں ہورہی ہیں اور جیت کو لیکر دعوے اور جوابی دعوے کئے جارہے ہیں۔ ایک طرف این ڈی اے ’400 پار‘ کا نعرہ لگا رہا ہے تو دوسری طرف انڈیا اتحاد کے لیڈران دعویٰ کر رہے ہیں کہ بی جے پی حکومت سازی کیلئے لازمی سیٹوں یعنی 272 سے بھی کم حاصل کرے گی۔ اس دوران کرناٹک کے وزیر پریانک کھرگے کے ایک دعویٰ نے سبھی کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ آر ایس ایس نے جو داخلی سروے کرایا ہے اس کے مطابق بی جے پی کو 200 سیٹیں بھی حاصل نہیں ہو رہی ہیں۔یہ دعویٰ پریانک کھرگے نے ہفتہ کو کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ آر ایس ایس کا داخلی سروے کہتا ہے کہ بی جے پی کو 200 سیٹیں بھی نہیں ملیں گی۔ یہ آر ایس ایس کہہ رہا ہے۔ ریاست (کرناٹک) میں وہ 8 سیٹیں بھی حاصل نہیں کرے گی۔ ساتھ ہی وہ کرناٹک کے تعلق سے یہ بھی کہتے ہیں کہ 14 سے 15 سیٹوں پر تو بی جے پی میں اندرونی لڑائی ہے۔قابل ذکر ہے کہ کرناٹک میں لوک سبھا کی 28 سیٹیں ہیں۔ گزشتہ مرتبہ بی جے پی نے ان 28 سیٹوں میں سے 26 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی تھی اور اس مرتبہ سبھی 28 سیٹوں پر این ڈی اے امیدواروں کی کامیابی کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔ حالانکہ کھرگے نے ایسی سبھی باتوں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔ انھوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے واضح لفظوں میں کہا کہ بی جے پی کے کئی سینئر لیڈران پارٹی کو صاف کرنے کی ضرورت ظاہر کر رہے ہیں اور اس تعلق سے آپس میں بات چیت بھی کر رہے ہیں۔لوک سبھا انتخابات کے لیے بی جے پی اور اپوزیشن اتحاد میں سخت مقابلہ کی توقع کی جارہی ہے ۔