آر ایس پی پارلیمنٹ میں نیٹ امتحان میں طالبات کے زیرجامہ اتارنے کا معاملہ اٹھائے گی

   

ترواننتا پورم: ریولیوشنری سوشلسٹ پارٹی (آر ایس پی) کے رہنما این کے پریما چندرن نے کیرالہ میں نیشنل ایلیجیبلیٹی انٹرنس ٹیسٹ (این ای ای ٹی) کے امتحان مرکز میں داخل ہونے سے قبل طالبہ کے اپنا زیر جامہ اتارنے کا مسئلہ وہ لوک سبھا میں اٹھائیں گے ۔ مسٹر پریما چندرن کولم لوک سبھا حلقہ کی نمائندگی کرتے ہیں۔ یو این آئی سے بات کرتے ہوئے مسٹر پریم چندرن نے کہا کہ کولم کے آیور میں واقع این ای ای ٹی امتحانی مرکز میں داخل ہونے سے قبل ایک لڑکی کے اپنے زیرجامہ اتارنے کے گھناؤنے واقعہ پر تحریک التوا کے لیے نوٹس دیا گیا ہے ۔ اس دل دہلا دینے والے واقعہ نے ریاست میں خواتین کے وقار پر دھبہ لگا دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایور مارتھوما کالج، کولم میں این ای ای ٹی امتحان کے دوران امتحانی ہال میں داخل ہونے سے پہلے طالبات کو اپنے زیرجامہ اتارنے پر مجبور کرنے کا واقعہ انتہائی قابل مذمت ہے اور اس سلسلے میں اعلیٰ سطحی آزادانہ تحقیقات کی ضرورت ہے۔ اسی وقت کیرالہ کی وزیر صحت وینا جارج نے اس واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ لڑکی کے والد کی طرف سے کوٹاٹکرا پولیس میں درج کرائی گئی شکایت کی بنیاد پر تفصیلی تحقیقات کی جارہی ہیں۔
لڑکی کے والد نے اپنی شکایت میں کہا کہ لڑکی کو امتحان ہال میں داخل ہونے سے پہلے اپنا زیر جامہ اتارنے کو کہا گیا۔ اس کے والد نے الزام لگایا کہ کئی طالبات نے امتحان میں شرکت سے قبل اس طرح کی شکایت کی تھی۔ اس نے دعویٰ کیا کہ اسے وہاں کے ایک اسٹور روم میں اپنا زیر جامہ پھینکنے کو کہا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اندرونی ہک کا پتہ چلنے پر میٹل ڈیٹیکٹر کی بیپ بجانے کے باوجود طالبات کو اندرونی لباس اتارنے کو کہا گیا ہے ۔ جو کہ قابل مذمت ہے ۔