آر ٹی بسوں میں 45 دن کے دوران 10 کروڑ خواتین کا مفت سفر

   

خواتین کو 550 کروڑ روپئے کی بچت ، اتنی ہی آمدنی سے تلنگانہ آر ٹی سی محروم
حیدرآباد ۔ 24 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : ریاست میں صرف 45 دن کے دوران آر ٹی سی بسوں میں 10 کروڑ خواتین نے مفت سفر کی سہولت سے استفادہ کیا ہے ۔ واضح رہے کہ کانگریس پارٹی نے اقتدار حاصل کرتے ہی فوری اس اسکیم کا آغاز کیا ہے ۔ اے ریونت ریڈی 7 دسمبر کو بحیثیت چیف منسٹر حلف لیا اور 29 دسمبر کو مہا لکشمی اسکیم کے تحت آر ٹی سی کی آرڈینری اور ایکسپریس بسوں میں خواتین کو مفت سفر کی سہولت فراہم کی ہے ۔ سونیا گاندھی کی سالگرہ کے موقع پر مہا لکشمی اسکیم کا آغاز کیا گیا ۔ کانگریس پارٹی انتخابات کے موقع پر 6 گیارنٹی کا اعلان کیا تھا جس میں ایک گیارنٹی مہا لکشمی اسکیم سے متعلق تھی ۔ دو زمرے کی بسوں میں خواتین کو زیرو ٹکٹ جاری کرتے ہوئے بسوں میں سفر کرنے والی خواتین کی گنتی کی گئی ہے ۔ پیر تک جاری ہونے والے زیرو ٹکٹ کی تعداد 10 کروڑ سے زیادہ ہونے کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ 10 کروڑ زیرو ٹکٹ کی اجرائی سے مفت سفر کرنے والی خواتین کو 550 کروڑ روپئے کی بچت ہوئی اور اتنی ہی آمدنی سے آر ٹی سی محروم ہوئی ہے ۔ یہ تمام رقم حکومت آر ٹی سی کو ری ایمبرسمنٹ کرے گی ۔ آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کرنے کی سہولت فراہم کرنے سے روزانہ اوسطاً 10 لاکھ خواتین بسوں میں سفر کررہی ہیں ۔ آر ٹی سی بسوں میں خواتین کی تعداد بڑھ جانے کی وجہ سے بسوں کی کمی محسوس کی جارہی ہے اور عوام کو سفر کے دوران مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ تلنگانہ آر ٹی سی کو مزید 4 ہزار بسوں کی ضرورت محسوس کی جارہی ہے ۔ انہیں خریدنے کے لیے آر ٹی سی کے پاس فنڈس کی قلت ہے ۔ حکومت کو ہی فنڈ فراہم کرنا ہوگا ۔ حکومت آر ٹی سی ملازمین کو طویل عرصہ سے بقایہ جات جاری نہیں کررہی ہے ۔ ملازمین کی جانب سے حکومت پر دباؤ بنایا جارہا ہے ۔ دو پی آر سی اس کے علاوہ پچھلی تنخواہ پر نظر ثانی والے تنخواہ کے بانڈ کی رقم بقایا ہے ۔ سی سی ایس ، پی ایف بقایا جات بھی ہیں ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ حکومت ایک بقایا جات جاری کرنے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے ۔ بانڈز کی رقم اور پی ایف بقایا جات کا اعلان کرنے کا امکان ہے ۔ بی آر ایس حکومت نے آر ٹی سی کے لیے 1050 بسیں خریدنے کیلیے ٹنڈرس طلب کیا تھا ۔ انہیں مرحلہ واری اساس پر خریدنے کا فیصلہ کیا گیا تھا ۔ اس کے علاوہ مزید ایک ہزار الیکٹرک بسیں خریدنے کی تیاری کی جارہی ہے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر ملو بٹی وکرامارک نے کل بجٹ تیاریوں پر اجلاس طلب کیا تھا ۔ وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے 2 ہزار بسوں کی خریدی کے لیے بجٹ میں 1040 کروڑ روپئے مختص کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ جس پر ڈپٹی چیف منسٹر نے مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے آر ٹی سی کو عوام پر بوجھ عائد کئے بغیر اپنی آمدنی میں اضافہ کرنے پر زور دیا ہے ۔۔ 2