ڈیبٹ، کریڈٹ کارڈس کے علاوہ گوگل پے اور فون پے کے ذریعہ ٹکٹوں کی اجرائی
حیدرآباد ۔ 11 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ آر ٹی سی کے عہدیداروں نے آر ٹی سی گریٹر زون کے حدود میں چلائی جانے والی سٹی بسوں کو نقد لین دین سے پاک بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ عنقریب سٹی بسوں میں ڈیبٹ کارڈ، کریڈٹ کارڈ، گوگل پے، فون پے کے ذریعہ ٹکٹوں کی اجرائی کا عمل شروع کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔ پہلے تجربہ کے طور پر گریٹر زون کے حدود میں ایرپورٹ جانے والی پشپک بسوں میں نقد لین دین سے پاک ٹکٹ جاری کرنے کے عمل کا آغاز کیا ہے جس پر حاصل ہونے والے عوامی ردعمل کو دیکھتے ہوئے سٹی کے دوسرے بسوں میں اس نظام کو متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ آر ٹی سی سکندرآباد ریجنل منیجر وینکنا نے بتایا کہ ایرپورٹ کو چلائی جانے والی بسوں میں آئی ٹمز کے نام سے موجود عصری مشینوں کو ٹکٹ کی اجرائی کیلئے استعمال کیا جارہا ہے۔ اس نظام کا عوام کی جانب سے بڑے پیمانے پر خیرمقدم کیا جارہا ہے۔ بس پاسیس کے مراکز اور ریزرویشن سنٹرس پر نقدی لین دین سے پاک نظام پر عمل آوری ہورہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 15 جون سے تعلیمی اداروں کی کشادگی عمل میں آرہی ہے۔ تعلیمی اداروں بالخصوص انجینئرنگ کالجس رہنے والے روٹس پر آر ٹی سی بسوں کے ٹرپس میں اضافہ کیا جائے گا۔ن