آزادانہ و منصفانہ رائے دہی یقینی بنانے ریاستوں کو الیکشن کمیشن کی ہدایت

   

فرقہ وارانہ کشیدگی پرنظر رکھیں، دولت ، شراب اور ڈرگس کی منتقلی کو روکاجائے، چیف الیکن کمشنر راجیو کمار کی ویڈیو کانفرنس
حیدرآباد ۔ 4 ۔ اپریل (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن نے تمام ریاستوں کے چیف سکریٹریز اور ڈائرکٹر جنرل پولیس و مرکزی ایجنسیوں کے سربراہوں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کرکے آزادانہ و منصفانہ رائے دہی اور پرامن انتخابات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔ کمیشن نے بین ریاستی اور بین الاقوامی سرحدوں پر چوکسی اختیار کرنے کا مشورہ دیا تاکہ دولت ، شراب ، ڈرگس ، اسلحہ اور دیگر اشیاء کی غیر قانونی منتقلی کو روکا جاسکے ۔ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے الیکشن کمشنرس گیانیشور کماراور سکھبیر سنگھ سندھو کے ساتھ ریاستوں و مرکزی زیر انتظام علاقوں کے عہدیداروں کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ کمیشن نے ریاستوں میں انتظامات کی تفصیلات حاصل کیں اور کہا کہ لوک سبھا اور بعض ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے سلسلہ میں سخت چوکسی اختیار کی جائے۔ اجلاس اور ویڈیو کانفرنس کا مقصد الیکشن انتظامات میں شامل تمام اداروں میں بہتر تال میل کیلئے ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا ہے ۔ چیف الیکشن کمشنر نے آزادانہ ، منصفانہ اور پرامن انتخابات کے عہد کا اعادہ کیا اور تمام اداروں سے اپیل کی کہ وہ انتخابی عمل کے بہتر انعقاد میں کمیشن سے تعاون کریں۔ ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کو ہدایت دی گئی کہ ہر رائے دہندے کو کسی خوف کے بغیر ووٹنگ میں حصہ لینے کا موقع فراہم کیا جائے ۔ انہوں نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کی شکایات پر فوری کارروائی کی ہدایت دی ۔ چیف الیکشن کمشنر نے ریاستوں کے درمیان بہتر تال میل کو ناگزیر قرار دیا۔ انتخابی عملہ کی منتقلی اور سیکوریٹی فورسس کی تعیناتی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ کمیشن نے فرقہ وارانہ کشیدگی کو روکنے اور سرحدی علاقوں میں غیر قانونی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شراب ، رقومات ، منشیات اور دیگر اشیاء کی غیر قانونی منتقلی کو روکنا اولین ترجیح ہے۔ پولنگ ٹیموں کی منتقلی ، خاص طور پر اروناچل پردیش ، ہماچل پردیس اور مہاراشٹرا میں انڈین ایرفورس کے تعاون کا حوالہ دیا گیا ۔ جموں و کشمیر ، چھتیس گڑھ ، منی پور اور دیگر ریاستوں میں سیکوریٹی فورسس اور انتخابی عملہ کی منتقلی کے لائحہ عمل کو قطعیت دی گئی ۔ الیکشن کمیشن نے انتخابی مہم سے لے کر رائے دہی اور پھر نتائج کے اعلان تک ریاستوںکے لئے رہنمایانہ خطوط جاری کئے ہیں۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کے سختی سے نفاذ کے علاوہ رائے دہندوں نے شراب اور دولت کی تقسیم پر نظر رکھنے کی ہدایت دی گئی ۔ اس موقع پر مرکزی حکومت کے مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کے علاوہ بی ایس ایف ، آسام رائفلس ، انڈو تبتن بارڈر پولیس ، کوسٹ گارڈ اور دیگر اداروں کے سربراہ موجود تھے۔ 1