ہر گھر پر ترنگا رہے گا، مجاہدین آزادی کی قربانیوں پر مبنی فلموں کی نمائش: ڈاکٹر کیشو راؤ
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جولائی (سیاست نیوز) آزادی کے 75 سال کی تکمیل کے موقع پر تلنگانہ حکومت نے 8 اگست سے 15 روزہ تقاریب کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ تیاری کمیٹی کے صدرنشین ڈاکٹر کے کیشو راؤ نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 8 تا22 اگست ریاست بھر میں آزادی کے 75 سال کی تکمیل پر مختلف پروگرام منعقد کرتے ہوئے نئی نسل کو جدوجہد آزادی اور مجاہدین آزادی کی قربانیوں سے واقف کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یوم آزادی تقاریب کا 8 اگست کو ہائی ٹیکس میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ افتتاح کریں گے جبکہ اختتامی تقریب 22 اگست کو لال بہادر اسٹیڈیم میں منعقد ہوگی۔ کیشو راؤ نے بتایا کہ حیدرآباد کو خوبصورتی کے ساتھ سجایا جائے گا اور جدوجہد آزادی کی تاریخ پر مبنی تصاویر آویزاں کی جائیں گی۔ مجاہدین آزادی کی زندگی پر مبنی فلم فیسٹول کا اہتمام کیا جائے گا ۔ اسکولوں اور تھیٹرس میں فلموں کی نمائش کی جائے گی جس میں جدوجہد آزادی کی تفصیلات شامل رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ادبی مقابلوں کے علاوہ کوی سمیلن اور مشاعرہ کا اہتمام کیا جائے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گاؤں سے شہر تک قومی پرچم لہرانے کی مہم چلائی جائے گی اور ہر گھر پر قومی پرچم رہے گا۔ حکومت نے ایک کروڑ سے زائد قومی پرچم کی تیاری کا آرڈر دیا ہے۔ ایک کروڑ خاندانوں میں ترنگا تقسیم کیا جائے گا۔ مجسمہ امبیڈکر سے نکلس روڈ تک ترنگا ریالی منظم کی جائے گی۔ ٹریفک سگنل پر قومی ترانہ دھن بجائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 15 روزہ تقاریب کی تفصیلات کا عنقریب اعلان کیا جائے گا ۔ وزیر اینمل ہسبنڈری سرینواس یادو نے بتایا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے آزادی کے 75 سال کی تکمیل کو شاندار پیمانہ پر منانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اجلاس میں میئر حیدرآباد ، جی وجئے لکشمی ، حکومت کے مشیر برائے ثقافت رمنا چاری چیف منسٹر کے او ایس ڈی ڈی سرینواس ، رکن کونسل ایم ایس پربھاکر ، تلنگانہ ساہتیہ اکیڈیمی کے صدرنشین گوری شنکر ، ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی ، اسپیشل چیف سکریٹری بلد نظم و نسق اروند کمار اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ ر