آسام اسمبلی انتخابات کا اپریل میں انعقاد متوقع

   

سی بی ایس سی بورڈ امتحانات سے قبل انتخابی عمل پورا کرلیا جائے گا : چیف الیکشن کمیشن

گوہاٹی : چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑہ نے کہا کہ آسام اسمبلی انتخابات 2021ء کا انعقاد اپریل میں رنگولی بیہو فیسٹیول کو پیش نظر رکھ کر عمل میں لایا جائے گا ۔ اس کے علاوہ دسویں اور بارھویں کلاس کے طلبہ کیلئے سی بی ایس سی بورڈ امتحانات کو بھی مدنظر رکھا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات سی بی ایس سی بورڈ امتحانات سے قبل مکمل کرلئے جائیں گے ۔ یہ امتحانات 4مئی اور 10 جون کے درمیان منعقد ہورہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے ہی ریاست میں تہوار کے موسم پر غور کیا ہے ۔ انتخابات کے انعقاد سے مطابق منعقدہ اجلاس میں تفصیلی غور کیا گیا ہے ۔ چیف الیکشن کمشنر نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کو ریاستوں میں ہونے والے تہواروں کا علم ہوتا ہے ۔ اس لئے ہم نے فیصلہ کیا کہ آسام کے اسمبلی انتخابات کو بورڈ امتحانات سے قبل مکمل کرلیا جائے گا ۔ یہ امتحانات 4مئی سے شروع ہوں گے ۔ الیکشن کمیشن نے کووڈ ۔19 پروٹوکول کو سختی سے اختیار کرلیا ہے ۔ اسی بنیاد پر انتخابات کروائے جائیں گے ۔ مسٹر اروڑہ نے مزید کہا کہ کورونا کے پیش نظر پولنگ بوتھس میں اضافہ کیا جائے گا ۔ ہر پولنگ اسٹیشن پر رائے دہندوں کی تعداد موجودہ 1500سے گھٹا کر 1000کردی جائے گی ۔ انہوں نے اس سلسلہ میں ریاستی الیکشن عہدیداروں پر زور دیا ہے کہ وہ پُرامن منصفانہ انتخابات کو یقینی بنائے اور کووڈ ۔ 19 کے پیش نظر احتیاطی اقدامات کریں ۔کمیشن کی ایک ٹیم ریاست کا دورہ کررہی ہے ۔