آستانہ مخدوم الٰہی میں مراسم صندل سے عرس کا آغاز

   


معروف موسیقار اے آر رحمن کی شرکت، زائرین کی سہولت کیلئے معقول بندوبست

کڑپہ ۔ 9 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آستانہ مخدوم الہٰی کڑپہ کل رات صندل مبارک حضرت خواجہ سید شاہ عارف اللہ محمد محمد الحسینی چشتی القادری ؒ کا انعقاد عمل میں آیا۔ سجادہ نشین آستانہ حضرت سید شاہ عارف اللہ حسینی نے مراسم صندل انجام دیئے۔ صندل شریف کا جلوس سجادہ نشین کے گھر سے نکل کر درگاہ شریف پہنچا جس میں نائب وزیر اعلیٰ آندھرا پردیش ایس بی امجد باشاہ، انچارج کڑپہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی احمد باشاہ، پارٹی قائدین سبحان باشاہ، شفیع، تلگودیشم قائدین امیر بابو، گووردھن ریڈی کے علاوہ علماء، مشائخ اور عمائدین شہرکی بڑی تعداد میں موجود تھی۔ تقاریب عرس شریف کے موقع پر ضلع انتظامیہ کی جانب سے بڑے پیمانے پر ضروری اقدامات کئے گئے۔ بلدیہ کڑپہ، میڈیکل اینڈ ہیلت آر ٹی سی اور دیگر محکموں کی جانب سے بہترین انتظامات دیکھے گئے۔ محکمہ ہیلت کی جانب سے احاطہ درگاہ شریف میں میگا میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ رکن پارلیمان کڑپہ وائی ایس اویناش ریڈی نے بھی درگاہ شریف میں حاضری دی۔ محکمہ پولیس کی جانب سے بڑے پیمانے پر بندوبست کیا گیا۔ ڈی ایس پی کڑپہ وینکٹ شیوا ریڈی نے بتایا کہ تقاریب عرس کے سلسلے میں 5 سرکل انسپکٹرس، 10 عدد سب انسپکٹرس، 100 پولیس کے جوانوں کو درگاہ شریف میں تعینات کیا گیا۔ بالی ووڈ کے موسیقار اے آر رحمن نے اپنی فیملی کے ساتھ صندل میں شرکت کی۔ بعد ازاں محفل سماع کا انعقاد عمل میں آیا۔ مشاعرہ ہال میں ملک کے مشہور قوال عظیم نازان نے سماع خوانی پیش کی۔