آلودگی کو لے کر دہلی حکومت کے ہنگامی اقدامات ، ڈیزل جنریٹرز ، کوئلہ بھٹیوں پر لگائی گئی پابندی

   

نئی دہلی: دہلی میں دیوالی کے بعد آلودگی کی سطح میں اضافہ ابھی تک کم نہیں ہو سکا ہے ، جس کی وجہ سے حکومت کو ہنگامی اقدامات کرنے پڑ رہے ہیں۔ ابھی بھی آلودگی کی سطح یعنی ایئر کوالٹی انڈیکس 400  کے قریب بنا ہوا ہے۔ کیجریوال حکومت نے کل دہلی کے لوگوں کو آلودگی سے فوری راحت فراہم کرنے کے لیے پانچ سخت قدم اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلے دہلی سکریٹریٹ میں وزیر ماحولیات گوپال رائے کی صدارت میں ہوئی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں لیے گئے۔ وزیر ماحولیات گوپال رائے نے کہا کہ دہلی کے اندر آلودگی کو کم کرنے کے لیے 11 نومبر سے 11 دسمبر تک کھلے میں جلانے کے خلاف مہم چلائی جائے گی۔ 10 محکموں کو اس کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ ان محکموں نے 550 ٹیمیں تشکیل دی ہیں ، جن میں سے 304 ٹیمیں دن میں گشت کریں گی اور 246 ٹیمیں رات کے وقت گشت کر کے کھلے عام جلانے کے واقعات کی روک تھام کے لیے کام کریں گی۔