آلیر گورنمنٹ ہاسپٹل میں ڈائیلاسیس مرکز کا قیام

   

مریضوں کے لیے سہولت بخش ، وزیر توانائی جگدیش ریڈی کے ہاتھوں افتتاح
حیدرآباد : سوریہ پیٹ ضلع میں ڈائیلاسیس سنٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔ ریاستی وزیر توانائی مسٹر جگدیش ریڈی نے آلیر کے سرکاری دواخانے میں ڈائیلاسیس سنٹر کا افتتاح انجام دیا اور اس سنٹر کے افتتاح کے بعد انہوں نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سوریہ پیٹ کے آلیر سرکاری دواخانے میں ڈائیلاسیس کے عصری آلات کی سہولیات ریاستی حکومت کا بہترین اقدام ہے ۔ جس کے سبب مقامی عوام کے علاوہ ضلع کے مختلف علاقوں کی عوام کو راحت ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نرسمہا راؤ کی یوم پیدائش کے موقع پر اس سنٹر کا آغاز نہایت خوش آئند اقدام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے ریاست میں عوام صحت پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے اور ضلع نلگنڈہ کے بی بی نگر میں ایمس کا قیام عوام صحت پر ریاستی حکومت کی دلچسپی اور بہترین اقدامات کی دلیل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ طبی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ریاستی عوام کا سرکاری دواخانوں میں معیاری علاج اہم مقصد ہے ۔ جس کو پورا کرنے کے لیے سرکاری دواخانوں کو عصری آلات سے لیس کیا جارہا ہے اور ضلع نلگنڈہ میں جو سابق حکمرانوں کی تنگ نظری کا شکار رہا اور فلورسیس کے خاتمہ کے لیے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے فلورسیس سے متاثرہ عوام کے بہتر علاج کو یقینی بنانے کے اقدامات کیے جارہے ہیں ۔ اس موقع پر گورنمنٹ وہپ و رکن اسمبلی آلیر جی سنیتا و دیگر موجود تھے ۔۔