آندھراپردیش میں اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کے ساتھ انتقام

   

برسراقتدار وائی ایس آر کانگریس غیرمجاز تعمیرات کو منہدم کرنے میں مصروف

حیدرآباد ۔ 18 اگست (سیاست نیوز) ریاست آندھراپردیش میں برسراقتدار وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی جانب سے دیگر سیاسی جماعتوں بالخصوص تلگودیشم پارٹی قائدین کے خلاف انتقامی کارروایئوں میں روزبروز اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ گذشتہ دنوں اضلاع گنٹور اور نیلور وغیرہ میں تلگودیشم پارٹی قائدین کی جانب سے غیرمجاز تعمیرات کرنے کے الزام پر ان کی عمارتوں کو منہدم کرنے کے اقدامات کئے گئے۔ اسی طرح آج بھی سابق رکن اسمبلی وشاکھاپٹنم، مسٹر بی گووند کی غیرمجاز تعمیر کردہ ہمہ منزلہ عمارت کو گریٹر وشاکھاپٹنم میونسپل کارپوریشن عہدیداروں نے منہدم کردیا۔ تفصیلات کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ تلگودیشم پارٹی سے وابستہ سابق رکن اسمبلی مسٹر پی گووند نے وشاکھاپٹنم سٹی حدود میں واقع دوارکا نگر اہم شاہراہ پر ہمہ منزلہ عمارت تعمیر کی جس پر وشاکھاپٹنم گریٹر میونسپل کارپوریشن عہدیداروں نے مناسب اجازت و منظوریاں حاصل نہ کرتے ہوئے عمارت تعمیر کرلینے پر اعتراض کیا بلکہ اس سلسلہ میں متعدد مرتبہ انہیں غیرمجاز تعمیرات سے متعلق نوٹسیں جاری کی گئیں۔ ان عہدیداروں کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ جاری کردہ نوٹسوں پر مسٹر بی گووند سابق رکن اسمبلی نے کوئی ردعمل کا اظہار تک نہیں کیا جس کی وجہ سے آج عہدیداران وشاکھاپٹنم گریٹر میونسپل کارپوریشن نے اپنی راست نگرانی میں بھاری پولیس کی تعیناتی کے ذریعہ انہدامی کارروائی کے اقدامات کئے۔ اس موقع پر صورتحال کسی قدر کشیدہ ہوگئی۔ تلگودیشم پارٹی قائدین و کارکنوں کی کثیر تعداد میں سخت احتجاج کیاگیا اور اس انہدامی کارروائی کو سیاسی انتقام سے تعبیر کیا گیا۔ تلگودیشم قائدین نے اس طرح کی انہدامی کارروائیوں کے اقدامات پر برسراقتدار وائی ایس آر کانگریس پارٹی صدر و چیف منسٹر مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ محض چیف منسٹر کی ایماء پر ہی اپوزیشن تلگودیشم پارٹی قائدین کی بعض پائی جانے والی غیرمجاز طور پر تعمیر کردہ عمارتوں کی نشاندہی کرکے عمداً تلگودیشم پارٹی قائدین کو خوفزدہ کرنے کے مقصد سے ہی اس طرح کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ان قائدین نے ہی مزید کہا کہ چیف منسٹر مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کے ان اقدامات سے تلگودیشم پارٹی قائدین ہرگز خوفزدہ نہیں ہوں گے بلکہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی زیرقیادت ریاستی حکومت کی ان تمام کارروائیوں سے ریاست کے عوام کو واقف کروائیں گے تاکہ وہ خود ریاستی حکومت کو بہتر سبق سکھا سکیں۔