آندھراپردیش میں راجیہ سبھا کی چار نشستوں کیلئے امیدواروں کا اعلان

   

دو وزراء اور دو صنعت کاروں کو ٹکٹ
حیدرآباد ۔9۔ مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش وائی ایس جگن موہن ریڈی نے راجیہ سبھا کی چار نشستوں کیلئے پارٹی امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دے دی ہے۔ آندھراپردیش میں راجیہ سبھا کی چار نشستوں کے لئے انتخابات کا اعلامیہ جاری ہوچکا ہے ۔ چاروں نشستوں پر وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی کامیابی کے امکانات روشن ہیں۔ پارٹی نے دو ریاستی وزراء اور دو صنعت کاروں کو راجیہ سبھا کیلئے امیدوار بنایا ہے ۔ قانون ساز کونسل کی برخواستگی کے بعد دو ریاستی وزراء موپی دیوی وینکٹ رمنا اور پی سبھاش چندر بوس کو راجیہ سبھا کیلئے امیدوار بنایا گیا ۔ یہ دونوں رکن کونسل کی حیثیت سے کابینہ میں شامل کئے گئے تھے ۔ اب دونوں وزراء راجیہ سبھا جائیں گے اور ان کی جگہ کابینہ میں ارکان اسمبلی میں سے انتخاب کیا جائے گا ۔ رامکی انڈسٹریز کے سربراہ ایودھیا رامی ریڈی کے علاوہ صنعت کار پی نتیا کو پارٹی امیدوار بنایا گیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ایودھیا رامی ریڈی کو جگن نے راجیہ سبھا نشست کا وعدہ کیا تھا، جس کے مطابق انہیں امیدوار بنایا جارہا ہے ۔ پرچہ نامزدگی کے ادخال کی آخری تاریخ 13 مارچ ہے جبکہ 26 مارچ کو رائے مقرر ہے ۔ آندھراپردیش کوٹہ سے جن چار ارکان راجیہ سبھا میعاد کی تکمیل کے بعد سبکدوش ہورہے ہیں، ان میں کانگریس کے محمد علی خاں شامل ہیں ۔ وائی ایس آر کانگریس کے اقلیتی قائدین نے ہائی کمان سے درخواست کی تھی کہ چار نشستوں میں ایک نشست اقلیتی طبقہ کے لئے الاٹ کی جائے لیکن جگن موہن ریڈی نے اس مطالبہ پر توجہ نہیں دی ۔ کونسل کی برخواستگی سے حال ہی میں کونسل کی رکنیت حاصل کرنے والے شیخ محمد اقبال عہدہ سے محروم ہوجائیں گے ۔ ان کے علاوہ کونسل کے صدرنشین احمد شریف کا عہدہ بھی ختم ہوجائے گا۔ کونسل کی برخواستگی کے ریاستی حکومت کے فیصلہ کو مرکز کی منظوری کا انتظار ہے ۔